پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کا سی ٹی ڈی پر بھائیوں کو اغوا کرنے کا الزام

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی کے بھائیوں کو گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں اظہر مشوانی نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے درجنوں اہلکاروں نے رات گئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے بڑے بھائیوں پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور کو اٹھا کر لے گئے۔

اظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے کسی فرد کا سیاست سے تعلق نہیں اور تمام افراد درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی ظہور مشوانی کو گزشتہ برس بھی اغوا کرکے 145 دن تک قید رکھا گیا-

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا، ’میرے والد صاحب کو 3 دن اور مجھے 8 دن اغوا رکھا گیا، یہ ظلم اور بدمعاشی اب بند ہونی چاہیے، جس کا دل کرتا ہے گھروں میں گھس کر بندے اٹھا لے جاتا ہے، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ پاکستان میں رہ رہے ہیں؟ اور پاکستان میں جنگل کا قانون رائج ہے؟‘

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیتل میڈیا اظہر مشوانی گزشتہ برس مارچ میں 8 روز تک لاپتا رہنے کے بعد منظرعام پر آئے تھے۔ اس تمام عرصہ میں ان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہ آسکی تھیں جبکہ ان کے بھائی ظہور مشوانی نے بھی اس حوالے سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp