سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے راہ ہموار، پاکستان کو کتنے ممالک کی حمایت حاصل ہے؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کے لیے 182 ممالک کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے مختلف حکومتی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، ملاقاتوں میں چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی سمیت دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔

پاکستان اور چین کے درمیان 32 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد 32 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گیے، ایم او یوز میں تجارت ، صنعت اور دیگر شعبوں پر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آج وزیراعظم شہباز شریف نے شنیزن میں مختلف سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی، وزیراعظم نے شنیزن میں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی چین میں ہم منصب لی شیان سے ملاقات

ترجمان دفتر خارنہ نے بتایا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم لی شیان سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے اہم امور پر ایک دوسرے کو تعاون اور سی پیک منصوبوں کی اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقع پر دونوں ملکوں نے سی پیک کو اس کے مخالفین سے محفوظ رکھنے کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور کارکنوں کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی، دونوں ملکوں نے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور تعاون کی تمام جہتوں کو فروغ دینے پر بات کی گئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اہم عالمی اور علاقائی امور پر ایک دوسرے سے مشاورت جاری رکھیں گے، یہ مشاورت اور تعاون کثیرالملکی پلیٹ فارمز پر بھی جاری رہے گا۔

پاکستان اور چینی وزیراعظم کی ملاقات میں بشام واقعے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 122 اراکین کی حمایت سے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہو گیا ہے۔

’ہم حمایت کرنے والے تمام ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، ہم پاکستان کی حمایت کے لیے ایشیا پیسیفک گروپ کے بھی شکر گزار ہیں، بطور رکن سلامتی کونسل، بین الاقوامی جاری تنازعات کا منصفانہ اور پر امن حل پاکستان کی ترجیح ہو گا۔‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ روز پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کیا گیا ہے، جب کہ پاکستان کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لیے 182 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے، پاکستان سلامتی کونسل میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور عالمی خوشحالی کے لیے کردار ادا کرے گا۔

غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، پاکستان معصوم فلسطینی شہریوں، اقوام متحدہ کے ماتحت چلنے والے اسکولز اور مہاجر کیمپ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیل کا یہ حملہ اس کے جرائم میں ایک اور اضافہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سول آبادی پر بمباری بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان مسجد اقصی کے باہر انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے اسلام مخالف نعروں کی بھی شدید مذمت کرتا ہے۔

’اسرائیل طویل عرصے سے مذہبی مقامات کے حوالے سے بین الاقوامی اقدار کی خلاف کرتا چلا آ رہا ہے ، ہم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم پر اسرائیل کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘

نوصیرات کیمپ پر اسرائیل کے حملے کی مذمت

پاکستان انروا (اقوام متحدہ کا ادارہ برائے پناہ گزین) کے تحت غزہ میں نوصیرات مہاجر کیمپ پر اسرائیل کی بہیمانہ بمباری کی مذمت کرتا ہے جس میں شہید ہونے والوں کی زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں پر مشتمل تھی۔

یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے جاری جرائم کا تسلسل ہے، جس طرح گزشتہ ہفتے ایک فلسطینی مہاجر کیمپ پر حملے میں 45 فلسطینی شہید ہوئے، سویلین آبادیوں پر سوچے سمجھے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

مسجد الاقصی پر یہودی انتہا پسندوں کے حملے کی مذمت

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسجد الاقصی پر پولیس کی پشت پناہی میں یہودی انتہا پسندوں کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 10 سالوں میں 7 ہزار سے زائد کشمیری شہید

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دہائی میں 7 ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا گیا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے، اور  پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شہری امتیاز احمد پلہ پلوامہ ضلع میں پولیس تشدد سے شہید ہوگیا ہے، اس واقعے کے سہولت کاروں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترکیہ کا دورہ کریں گے

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار ترکیہ کے وزیرخارجہ کی دعوت پر وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کے لیے استنبول کا ایک روزہ  دورہ کریں گے۔

ڈی ایٹ وزرائے خارجہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی مظالم فوری بند کئے جانے کا مطالبہ کریں گے، وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ کا محاصرہ ختم کر کے انسانی امداد کی رسائی کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیرخارجہ  بین الاقوامی برادری سے غزہ میں فی الفور جنگ بندی کا مطالبہ کریں گے اور دوسرے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا تیونس کے سفارتکار برہان الکامل کی وفات پر اظہار تعزیت

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے تیونس کے سفارتکار برہان الکامل کی وفات پر تیونس حکومت، وفات پانے والے سفیر کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کرتے ہیں

وہ کل کینسر کی وجہ سے وفات پا گئے، انہوں نے پاکستان اور تیونس کے تعلقات کی بہتری کے لئے اہم کام کیا۔

ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ سائرس جاوید قاضی نے تیونس کے سفیر کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی ایران کا دورہ کریں گے

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی کل ایران میں 4 فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے، آصف درانی پاکستان کی افغانستان کے عوام کی اقتصادی خوشحالی کے لیے کوششوں کی حمایت کریں گے۔

بھارت میں انتخابی عمل پر ردعمل نہیں دیں گے

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت میں انتخابی عمل پر ردعمل نہیں دے گا، یہ بھارتی عوام کا حق ہے.کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp