پاکستان اور چین کے درمیان کن کن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم  لی چیانگ کےدرمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معیشت، تجارت سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم لی نے پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کاغیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں نے اہم معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

بیجنگ میں ہونے والی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے مسلسل عزم اور حمایت کا اظہار کیا گیا، ملاقات میں سی پیک کو اپ گریڈ کرکے مزید تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گوادر کی سی پیک کے ایک اہم ستون کے طور پر اہمیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے گوادر کوعلاقائی اقتصادی مرکزمیں تبدیل کرنے کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل پراتفاق کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سی پیک کے مخالفین کے خلاف اپنے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔

’پاکستان اور چین کا علاقائی، عالمی مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا‘۔

وزیراعظم نے چینی باشندوں، منصوبوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیےغیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، دونوں فریقین کی جانب سے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مختلف شعبوں میں 23مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم لی چیانگ نے شرکت کی، ٹیلی ویژن ، فلم،  ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، صنعتی شعبوں میں مضبوط تعاون کے معاہدوں پردستخط کیے گئے۔

’توانائی، زراعت، صحت، سماجی، اقتصادی ترقی وباہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے معاہدوں پردستخط کیے گئے‘۔

ملاقات کے بعد وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا

پاکستان اور چین کے درمیان آج جن 23مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے، ان میں فلم کو پروڈکشن کا معاہدہ، خبروں اور اطلاعات کے تبادلے اور تعاون کا معاہدہ، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور چائنہ میڈیا گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

اس کے علاوہ سی پیک میں تھرڈ پارٹی کی شراکت داری کے حوالے سے ضابطہ کار، ڈیرہ اسماعیل خان – ژوب قومی شاہراہ 50 کی فزیبیلیٹی اسٹڈی  کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، مظفرآباد تا میرپور تا منگلا ایکسپریس وے کی فزیبیلیٹی اسٹڈی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

مانسہرہ  تا چلاس قومی شاہراہ ، بابو سر کے مقام پر ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، کراچی تا حیدر آباد موٹر وے کے حوالے سے فزیبیلیٹی اسٹڈی، قراقرم ہائی وے کی ری الائینمینٹ کی مفاہمتی یادداشت، اور 2022 کے صنعتی تعاون کے فریم ورک کے نفاز کے حوالے سے ایکشن پلان پر دستخط کیے گئے۔

اس دوران سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں سرویئنگ، میپنگ اور جیو انفارمیشن کے حوالے سے پروٹوکول، زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر مفاہمتی یادداشت، توانائی کے مؤثر مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اسٹڈی، اجارہ داری کے خاتمے (Anti-monopoly) میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

دونوں ملکوں کے درمیان گورننس کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے ورکشاپ کا لیٹر آف انٹینٹ، انڈسٹریل پارک کی تعمیر کے حوالے سے ورکشاپ کا لیٹر آف انٹینٹ، ساتویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے سی پیک کے تحت صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے اتفاق کی توثیق، پاک چین دوستی اسپتال، گوادر کی حوالگی کا سرٹیفیکیٹ اور گوادر میں سمندری پانی کو میٹھا کرنے کے پلانٹ کی حوالگی کے سرٹیفیکیٹ پر دستخط کیے گئے۔

 سندھ میں پرائمری اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کا لیٹر آف ایکسچینج، لیڈی ہیلتھ ورکرز ورک اسٹیشن کے منصوبے کا لیٹر آف ایکسچینج اور جوناکو  (Junaco) کلٹیویشن ڈیمانسٹریشن اینڈ پروجیکشن کے منصوبے کے لیٹر آف ایکسچینج پر دستخط کیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp