کیا 15 رمضان کے بعد گرمی کی شدت بڑھ جائے گی ؟

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے،  گزشتہ چند روز کی بارشوں اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے موسم کافی خوشگوار ہو گیا ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گذشتہ چند روز سے ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارشوں نے موسم کو خوشگوار حد تک سرد کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے رمضان کا پہلا پورا عشرہ اسی نوعیت کی ٹھنڈ کے ساتھ گزرنے کی پیشگوئی کردی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ بارشوں سے مختلف اضلاع میں گھروں کے چھتیں گرنے کے واقعات سے اب تک دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک جب کہ 17 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

مارچ میں بارش کی پیش قدمی

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مضبوط مغربی لہر 21 مارچ کو ملکی حدود میں داخل ہوئی تھی، جس نے 22 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ملکی فضاؤں میں تشکیل پانیوالا یہی موسمی نظام حالیہ بارشوں کا سبب بنا ہے۔

واضح رہے کہ طاقتورمغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بالائی علاقوں میں برقرار رہے گی۔

جس کے باعث خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباداورکشمیر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کیا کہتا ہے؟

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

وی نیوز سے گفتگو میں چیف میٹرولوجسٹ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن خالد محمود ملک نے بتایا کہ ملک بھر میں جاری بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن تک برقرار رہے گا۔

’اس کے بعد ایک دودن کے وقفے سے  پھر یہ سلسلہ پھر شروع ہوگا جو بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں بارشوں کا باعث بنے گا اور بارشوں کے اس تسلسل سے یہی لگتا ہے کہ مزید بارشوں کا امکان ہے۔‘

رمضان کے دوران گرمی کی شدت بڑھ جائے گی ؟

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کم از کم 15 رمضان تک موسم کافی بہتر رہے گا۔ جس کے بعد موسم میں درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث تبدیلی متوقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں تھوڑا اضافہ ہو جائے گا۔

خالد محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ مارچ کے وسط میں پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کی توقع کی جا رہی تھی مگر ان مضبوط مغربی ہواؤں کے بعد موسم میں ایک دم سے تبدیلی رونما ہوئی ہے۔

’مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوا اور پھر بلوچستان سے ہوتے ہوئے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں داخل ہوا۔‘

بلوچستان کے حوالہ سے چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان تو ہے اور اس موسم میں عام طور پر سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔ بارشوں کا موجودہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو بلوچستان کے ندی نالوں میں میں طغیانی آسکتی ہے۔

’باقی جو دریا ہیں ان میں اس طرح کی کوئی صورتحال متوقع نہیں جس سے سیلاب کا خدشہ پیدا ہو۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp