شہری کو دھمکیاں دینے پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے 3 بیٹے ساتھیوں سمیت گرفتار

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے 3 بیٹوں کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے 3 بیٹوں اسامہ، عمر اور عثمان، مرحوم سردار صغیر چغتائی کے بیٹے اور مشیر آزاد کشمیر حکومت احمد صغیر، اور ان کے ڈرائیورز کو اسلام آباد کے مارگلہ تھانے کی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کی  5 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں، ملزمان کو شہری کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے رہائشی شیراز خان کی جانب سے اسلام آباد کے مارگلہ تھانے میں درج کروائی گئی ایف آر کے مطابق وہ فیصل ایونیو جارہے تھے کہ زیروپوائنٹ انڈر پاس کے قریب 20 سے 25 گاڑیوں میں لڑکے سکڈنگ کررہے تھے، جس سے سڑک بلاک ہوگئی تھی۔

’میں نے راستہ مانگنے کی خاطر ہارن دیا تو ان لوگوں نے مجھے راستہ نہیں دیا اور مسلسل سکڈنگ کرتے رہے، تاہم راستہ ملنے پر میں آگے بڑھ گیا اور جب خیابان پل سے آئی ایٹ سگنل کی جانب مُڑا تو اسی دوران 15 سے 20 گاڑیوں میں سوار لڑکوں نے مجھے روک دیا۔‘

شیراز خان نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ لوگ مسلح تھے، جن کے نام اسامہ، عمر اور عثمان، احمد صغیر اور عفیف صغیر ہیں، ان کے ساتھ ان کے ڈرائیورز اور گارڈز بھی موجود تھے۔

درخواستگزرا کے مطابق ’ان لوگوں نے میری گاڑی کو گھیر لیا اور اس پر لاتیں اور مکے مارے، سردار عفیف ،عمر اور عثمان نے مجھ پر گنیں تان لیں اور میرا موبائل اور پرس چھیننے کی کوشش کی، ملزمان نے مجھے کہا کہ اگر آئندہ اس طرف نظر آئے تو جان سے مار دیں گے۔‘

شہری شیراز خان نے پولیس سے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp