ٹی20 ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے 14ویں میچ میں افغانستان نے اپ سیٹ کردیا، 160 رنز کے دفاع میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 75 رنز پر آؤٹ کرکے بدترین شکست دیدی۔

گروپ سی کی دونوں ٹیموں پروویڈنس کے گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں مدِ مقابل تھیں۔ نیوزی لینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔

ابراہیم زدران نے 41 بالز پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 56 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی پہلی وکٹ 14ویں اوور میں 103 رنز پر گری جب ابراہیم زدران کو میٹ ہینری نے بولڈ کیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عظمت اللّٰہ عمر زئی تھے وہ 13 گیندوں پر 22 رنز بنا سکے، ان کے بعد آنے والے محمد نبی کھاتا کھولے بغیر واپس پویلین چلے گئے، کپتان راشد خان 6 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے گلبدین نائب کوئی رن نہ بنا سکے جبکہ کریم جنت اور نجیب اللّٰہ زردان ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

رحمان اللّٰہ گرباز 56 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے

افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2 ، 2 وکٹیں لیں جبکہ فرگوسن ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

افغانستان کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ گلین فلپس 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور میٹ ہینری 10 رنز اسکور کر پائے، جبکہ بقایا کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی بیٹر 2 ہندسوں میں داخل نہیں ہو پایا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 160 رنز کے دفاع میں افغان بولر فضل حق نے 3.2 اوورز میں 17 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان نے بھی اپنے 4 اوورز میں 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نبی نے 4 اوورز میں 16 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد اور نوین الحق کوئی وکٹ حاصل نہ کرپائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp