پاکستان 2022 میں زمبابوے سے ہار کر بھی فائنل کھیل گیا تھا، روہت شرما

اتوار 9 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بہترین بلے باز روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی بھی طور پر ہلکا نہیں لیا جاسکتا، کیونکہ یہی ٹیم 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں زمبابوے سے ہار کر بھی فائنل کھیل گئی تھی۔ یقیناً گرین شرٹس نے اپنی غلطیوں پر کام کیا ہوگا۔

روہت شرما نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو شکست دینا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی کیوں کہ میچ والے دن جو بھی اچھا کھیلے گا، نتیجہ اسی کے حق میں ہوگا۔

امریکا کے ہاتھوں شکست پر شرما نے کہا کہ ٹی20 فارمیٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور ایک میچ کے نتیجے پر آپ حریف ٹیم کی طاقت کا اندازا نہیں لگاسکتے، پاکستان ٹیم کم بیک کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اس نے گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ میں محض ایک اوور پورا کھیل بدل دیتا ہے، لہٰذا کامیابی کے لیے ہمیں پورے میچ کے بجائے ہر اوور اور ہر گیند پر فوکس کرنا ہوگا، مجھے امید ہے کہ ہم مثبت کرکٹ کھیلیں گے اور نتائج ہمارے حق میں ہوں گے۔

روہت شرما نے کہا کہ 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں پاکستان سے شکست کو بھُلا چکے ہیں ہم صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی کے مطابق فیصلے بھی کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp