پرنس رحیم آغا خان کا ہنزہ کا دورہ، سولر پاور پلانٹ منصوبے کا افتتاح

اتوار 9 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے بڑے صاحبزادے پرنس رحیم آغا خان نے آج گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کا دورہ کیا اور 3.6 میگاواٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت کے حامل ڈوئیکر سولر پاور پلانٹ فیز ٹو کی گنجائش میں اضافے اور ناصرآباد سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

ڈوئیکر پلانٹ کے پہلے فیز کی پیداواری گنجائش 1.0 میگاواٹ تھی جس نے گزشتہ برس نومبر 2023 میں کام شروع کیا تھا۔

اس پلانٹ سے 11 ہزار سے زیادہ افراد کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، اب رواں برس نومبر 2024 تک ڈوئیکر فیز ٹو کی پیداواری صلاحیت کو 1.0 میگا واٹ سے بڑھا کر 1.6 میگا واٹ اور بیٹری اسٹوریج کی گنجائش کو 0.6 میگا واٹ سے بڑھا کر 1.0 میگا واٹ کیا جائے گا، جس سے مزید 8 ہزار 760 افراد کو اضافی بجلی فراہم ہوگی۔

اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ ڈوئیکر نے ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے والے یونٹ کی جگہ لی ہے، جس کے نتیجے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ میں سالانہ 1100 میٹرک ٹن کے مساوی کمی واقع ہوتی ہے۔

لوئر ہنزہ کے علاقے ناصر آباد میں بھی 2.0 میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ نصب کیا جائے گا جس کے ساتھ 1.0 میگاواٹ بیٹری اسٹوریج کی گنجائش ہوگی۔ اس سے اضافی 23 ہزار 400 افراد کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ ناصر آباد سولر پاور پلانٹ جون 2025 میں کام شروع کر دےگا۔

آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ (AKFED) کے صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی شاخ انڈسٹریل پروموشن سروسز کا ماتحت ادارہ این پاک انرجی لمیٹڈ ان منصوبوں میں 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔

منصوبے کی فنانسنگ ایکویٹی میں آسان قرض اور گرانٹس شامل

اس منصوبے کی فنانسنگ ایکویٹی میں آسان قرض اور گرانٹس شامل ہیں۔ خطے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی غرض سے ترقیاتی شراکت داروں سے اضافی 14 ملین ڈالر حاصل کیے گئے ہیں۔

آئندہ 5 برس کے دوران این پاک انرجی ہنزہ اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کے صاف اور پائیدار ذرائع میں اضافی سرمایہ کاری کرے گا جس سے خطے میں توانائی کی شدید کمی کو دور کیا جائے گا اور ساتھ ساتھ موسمیاتی اثرات کو کم کرنے کی عالمی کوششوں میں بھی حصہ لیا جائے گا۔

کمپنی ایک پائیدار، خود کفیل یوٹیلیٹی آپریشن تخلیق کرکے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے جو معاشی ذرائع اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے اور ایک جدید اور موثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل پیش کرتی ہے اور پائیدار ترقی میں کردار ادا کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp