قومی ایئرلائن کے قبل از حج فلائٹ آپریشن کی کامیاب تکمیل

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ شب کراچی سے جدہ اڑان بھرنے والی پی آئی اے کی آخری پرواز کے ساتھ ہی قومی ایئر لائن کا قبل از حج آپریشن مکمل ہو گیا ہے، جس کے دوراں مجموعی طور پر 171 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے۔

پی آئی اے کے قبل از حج فلائٹ آپریشن کا آغاز رواں برس 9 مئی کو ہوا تھا جو 11 جون تک جاری رہا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی ان پروازوں کے ذریعے سے تقریباً 19500 سرکاری عازمین حج جبکہ 14900 پرائیویٹ عازمین حج اور 630 خدام الحجاج مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قبل از حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں، سکھر اور کوئٹہ سے عازمین حج نے جدہ کا براستہ کراچی سفر کیا جبکہ 171 پروازوں میں سے 126 پروازیں وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں۔

ترجمان قومی ایئر لائن نے بتایا کہ قبل از حج آپریشن میں 45 پروازیں موسم کی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں، قبل از حج آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے نے متعلقہ ٹیموں کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کے بعد از حج فلائٹ آپریشن کا آغاز 20 جون سے شروع ہوکر 21 جولائی تک جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp