پاکستان سے 31 ہزار 57 سرکاری عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں، ترجمان مذہبی امور

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سے عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 126 حج پروازوں کے ذریعے 31 ہزار 57 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جس سے مکہ مکرمہ کے علاقے عزیزیہ اور بطحاء قریش کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستان حج مشن، سعودی حکام اور کیٹرنگ کمپنیوں کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا ہے کہ اب تک 126 حج پروازوں کے ذریعے 31 ہزار 57 سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔جمعرات کو 12 پروازوں کے ذریعے مزید 24 سو 50 عازمینِ حج کی مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 2 ہزار سے زیادہ عازمین کرام بھی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جب کہ 16 ہزار 5 سو عازمینِ کرام کی سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے ریاض الجنہ کی زیارت مکمل  ہو گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 12 ہزار 435 عازمینِ کرام زیارتِ مدینہ منورہ مکمل کر کے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز 24 مئی سے ہو گا، عازمینِ حج کی طبی سہولیات کے لیے 156 جبکہ آمدو رفت، رہائش اور خوراک کے انتظامات کے لیے 336 افراد پر مشتمل معاونین مصروف عمل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے مین کنٹرول آفس میں پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے بھی عازمینِ حج کی رہنمائی اور معاونت کا سلسلہ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp