پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف حالیہ بڑی کامیابیاں، 181 دہشت گرد ہلاک

بدھ 12 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پچھلے کچھ عرصے میں افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف مؤثر کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بر وقت انٹیلیجنس کی بدولت عیدالفطر کے بعد، ٹی ٹی پی کے ناپاک عزائم اور منصوبے آشکار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لیے یکم اپریل 2024 سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7 ہزار 745 آپریشنز کیے ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران 181 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں 2,701 آپریشن، بلوچستان میں 4,902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران 181 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں 128، بلوچستان میں 51 اور سندھ میں 2 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12 دہشت گرد جبکہ خیبر پختونخوا میں 42 کو ہلاک کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے مئی کے مہینے میں 61 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ دہشت گردوں کو سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کے دوران ہلاک کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی ہے۔ ناکامی کو چھپانے کے لیے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کے غریب عوام کو اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔

باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 گنا دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والا ٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے۔ بشام حملے میں ملوث دہشت گرد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں پر ژوب بارڈر سے دراندازی کے دوران گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گھات لگا کر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے شیخ بدین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائی کرکے 11 دہشت گرد ہلاک کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں پشین اور قلعہ عبداللہ میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 1 کو گرفتار کیا گیا۔ گزشتہ ماہ کے دوران ایک افغان شہری سمیت 2 خودکش حملہ آوروں کو ان کے ہینڈلرز سمیت دراندازی کرتے ہوئے گرفتار اور ان کی نشاندہی پر خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران بلوچستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد بشمول 4 خودکش جیکٹس اور 14 آئی ای ڈیز برآمد کیں۔ کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے ٹی ٹی پی کا ماہِ محرم پر حملوں کا بڑا منصوبہ ناکام کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا۔

ٹی ٹی پی کی قیادت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پے در پے حملوں سے پریشانی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ قوم کی مکمل حمایت سے سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان کی سرزمین پر ٹی ٹی پی یا کسی دوسرے دہشت گرد گروپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp