مدینہ منورہ میں بیمار عازمینِ حج کی مشاعرِ مقدسہ روانگی

بدھ 12 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے مدینہ منورہ میں بیمار عازمینِ حج کو مشاعرِ مقدسہ منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

آج بوقتِ فجر وزارتِ صحت کا قافلہ جس میں 12 مختلف ملکوں کے 18 عازمینِ حج شامل ہیں، مدینہ منورہ کے اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو لے کر مشاعر مقدسہ کی جانب روانہ ہوا، بیمار عازمین حج کو عرفات میں واقع جبل الرحمة اسپتال میں داخل کیا جائے گا تاکہ ان کا علاج بھی جاری رہے اور سال 2024 کے حج کے مناسک بھی ادا کرسکیں۔

سعودی وزارتِ صحت نے وضاحت کی کہ یہ قافلہ تمام طبی سہولیات سے لیس 31 ایمبولینسز پر مشتمل ہے، اس قافلے میں 133 طبی ماہرین پر مشتمل طبی ٹیم بھی شامل ہے جن میں ڈاکٹرز، نرسیں، اور مکمل طبی عملہ موجود ہے۔

اس قافلے میں 6 ایمبولینس مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان ہجرت روڈ پر متعین ہیں، 2 انتہائی نگہداشت والی ایمبولینس گاڑیاں، 4 معاون ایمبولینس یونٹس، ایک مکمل آکسیجن کیبن، ایک موبائل ایمبولینس ورکشاپ، اور مریضوں کے ہمراہ افراد کے لیے ایک بس شامل ہے۔

سعودی وزارتِ صحت ہر سال مدینہ منورہ کے اسپتالوں میں زیر علاج حجاج کو مشاعر مقدسہ منتقل کرتی ہے تاکہ وہ حج کے مناسک کو صحت اور سلامتی کے ساتھ مکمل کرسکیں، اور مشاعر مقدسہ کے اسپتالوں میں اپنے علاج کے مراحل کو بھی مکمل کرسکیں۔ انہیں مستقل طور پر مدینہ منورہ کے اسپتالوں میں تمام ضروری طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

کئی مریض عازمین حج اور ان کے ساتھ آئے ہوئے افراد نے مشاعرِ مقدسہ کی جانب روانگی کے دوران خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے حج کی ادائیگی کو آسان بنایا۔

انہوں نے مدینہ منورہ میں ان کی آمد سے لے کر مکہ مکرمہ جانے تک انہیں فراہم کردہ صحت کی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp