پاک افغان دوسرا ٹی 20 میچ آج شارجہ میں کھیلا جائےگا

اتوار 26 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ آج شارجہ میں کھیلا جائےگا۔ افغانستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

راشد خان کی قیادت میں افغان کرکٹ ٹیم دوسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر سکتی ہے۔ افغان کرکٹ ٹیم سیریز جیت گئی تو یہ دنیا کی کسی بھی بڑی ٹیم کے خلاف اس کی پہلی کامیابی ہوگی۔ مبصرین کا کہنا ہے افغانستان تاریخ رقم کرنے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔

افغانستان نے سیریزکے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دیکر ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔ پاکستان پہلی بار افغان ٹیم سے ہارا تو سوشل میڈیا پر دل جلوں نے ناراضی کا اظہار کیا۔ پاکستان ٹیم افغانستان کے خلاف تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 27 مارچ کو کھیلے گی۔

جیت پر بہت خوش ہوں: راشد خان

فتح کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ میچ جیتنا خوشی کی بات ہے۔ اس سے قبل ہم ہمیشہ پاکستان کے خلاف ہارے ہیں جب کہ کئی میچز میں ہم جیت کے کافی قریب پہنچ کر بہت کم مارجن سے ہارے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ملنے والی جیت پر بہت خوش ہوں۔ ہم جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی امید رکھتے ہیں۔ 92 رنز کا ہدف بھی افغانستان کے لیے آسان نہیں تھا جب کہ افغانستان کی 27 رنز پر 3 وکٹیں گر گئی تھیں۔ محمد نبی نے ہمیں مشکل سے نکالا۔

راشد خان نے کہا کہ ان کی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اکتوبر نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں اس فارم کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سے ہمیں ہر روز اور ہر میچ میں بہتری کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ رواں سال کے آخر میں جب ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے جائیں گے تو ہمارے پاس مکمل طور پر تیار اسکواڈ ہوگا۔

نئے کھلاڑی اچھا پرفارم نہیں کرسکے: کپتان شاداب خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے اعتراف کیا کہ ٹیم افغانستان کے خلاف پہلے ٹی 20 اچھا نہیں کھیلی۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ہم نئےکھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اُترے تھے۔ نئےکھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی نروس ہونےکی وجہ سے نہیں ہو سکی۔

کم اسکور کے باوجود باؤلرز نے فائٹ بیک کیا: عمر گل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں کم اسکور کے باوجود پاکستانی بولرز نے فائٹ بیک کیا جو خوش آئند ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا کہ اگلے 2 میچز جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ نوجوان کھلاڑی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرکے آئے ہیں۔ پاکستان اور شارجہ کی کنڈیشنز میں فرق ہے۔ پلیئرز کو تیاری کا بھی زیادہ ٹائم نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے سیکھ کر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، ڈیبیو کرنے والے احسان اللہ نے زبردست باؤلنگ کی۔ پہلے اوور میں وکٹیں لیں۔ دوسرے باؤلرز نے بھی اچھی باؤلنگ کی ہے۔

احسان اللہ پہلی گیند پر وکٹ لینے والے دوسرے پاکستانی باؤلر

افغانستان کے خلاف پہلا ٹی 20 کھیلنے والے احسان اللہ انٹرنیشنل ڈیبیو میں پہلی گیند پر وکٹ لینے والے دوسرے پاکستانی باؤلر بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے 93 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان کرکٹ ٹیم کی پہلی وکٹ ابراہیم زادران کی گری جسے احسان اللہ نے ڈیبیو میچ میں اپنی پہلی بال پر آؤٹ کیا۔

اسی اوور کی تیسری گیند پر احسان نے گُل بدین نائب کو پویلین لوٹایا اور یوں انہوں نے اس میچ میں 3.5 اوورز میں 17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

احسان اللہ افغانستان کے خلاف ڈیبیو میچ میں پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے بولر بن گئے۔ اس سے قبل عامر یامین نے 30 نومبر 2015 میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی اپنے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کے ڈیبیو پر انگلینڈ کے جیسن رائے کو پہلی گیند پر پویلین واپس بھیجا تھا۔

پاکستان کے خلاف افغانستان کی پہلی فتح

24 مارچ کی شب افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل میچ میں فتح حاصل کی۔

شارجہ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے خلاف محمد نبی نے 12 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز تک محدود کرنے میں 9 رنز دے کر 2 وکٹیں لینے والے مجیب الرحمٰن اور 13 رنز دے کر 2 وکٹیں لینے والے تیز گیند باز فضل الحق فاروقی نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

محمد نبی نے محتاط بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 38 بنائے اور نجیب اللہ زدران جو 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز جوڑے اور افغانستان کو 18 اوور میں ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔

محمد نبی نے اپنی 27 ویں گیند پر پہلی باؤنڈری لگائی اور پھر اگلے اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر مزید دو چوکے لگا کر احسان اللہ کی گیند پر چھکا لگا کر جیت پر مُہر ثبت کی۔

احسان اللہ نے 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے اپنے کیرئیر کی پہلی گیند پر ابراہیم زدران کو آؤٹ کیا اور پھر گلبدین نائب کو پویلین بھیجا۔ اس وقت افغانستان کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز کے ساتھ مشکلات کا شکار تھی لیکن محمد نبی اور نجیب اللہ زدران نے فتح کو یقینی بنایا۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے جب کہ صائم ایوب نے 17، طیب طاہر نے 16 اور کپتان شاداب خان نے 12 رنز بنائے۔

سیریز کے دوران قومی ٹیم کے پانچ اہم کھلاڑیوں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا ہے جبکہ ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب، طیب طاہر، احسان اللہ اور زمان خان کو موقع دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp