ٹی20 ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر سپر8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شرفین رودرفورٹ نے 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 68 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

نکولاس پوران 17، عقیل حسین 15، آندرے رسل 14 اور روماریو شیفرڈ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کا کوئی اور کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے 4 اوورز میں 17 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے ایک میڈن اوور بھی پھینکا۔ ٹم ساؤتھی نے 2، لوکی فرگوسن 2، جیمز نیشم اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے بیٹنگ کا آغاز کیا مگر گلین فلپس کے علاوہ تمام بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نیوزی لینڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔

اوپنر ڈیوون کونوائے نے 5، فن ایلن نے 26 اور رچن رویندرا نے 26 رنز بنائے۔ کپتان کین ولیمسن ایک، ڈیرل مچل 12، گلین فلپس 40، جیمز نیشام 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

کیوی ٹیم کی جانب سے ٹم ساؤتھی کوئی اسکور نہ کرسکے، ٹرینٹ بولٹ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ لوکی فرگوسن کو کوئی گیند کھیلنے کا موقع نہ ملا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گداکیش موتی نے 3 جبکہ عقیل حسین اور آندرے رسل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp