امریکا میں بچوں نے سیر کے دوران دیوہیکل جانور ٹی ریکس کے فوسل دریافت کرلیے

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی ریاست شمالی ڈکوٹا میں 3 بچے ہیل کریک بیڈ لینڈز کے علاقے کی سیر کررہے تھے کہ ان کی نظر زمین سے باہر نکلی ہوئی ایک غیرمعمولی شے پر پڑی اور ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہیں پتا چلا کہ انہوں نے کروڑوں برس پہلے زمین پر آباد دیوہیکل جانور ٹائرینوسورس ریکس (ٹی ریکس) کے فوسل دریافت کرلیے ہیں۔

جن بچوں نے ٹی ریکس کے فوسل دریافت کیے ان میں 10 اور 7 سالہ 2 بھائی جیسن اور لیام فشر اور ان کا 9 سالہ کزن کائیڈن میڈسن شامل تھے۔ جیسن اور لیام کے والد سام فشر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بچوں نے ٹی ریکس کے فوسل 2022 میں دریافت کیے تھے لیکن انہیں اس وقت معلوم نہ تھا کہ انہوں نے کیا دریافت کیا ہے۔

سام فشر نے بعد ازاں اس واقعہ کے بارے میں اپنے اسکول کے ساتھی اور ڈینور میوزیم آف نیچر اینڈ سائنس میں پیلینٹولوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ٹائلر لائسن کو بتایا جنہوں نے 2023 کے موسم گرما میں اپنی ٹیم کے ساتھ اسی مقام کا دورہ کیا۔

ٹائلر اور ان کی ٹیم نے جلد ہی انکشاف کیا کہ بچوں نے جو بقایات دریافت کی ہیں وہ ایک نوجوان ٹی ریکس کے فوسل ہیں جو ممکنہ طور پر تقریباً 7 کروڑ سال قبل مرا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دریافت کیے گئے ٹی ریکس کے فوسل کو اب 21 جون کو ڈینور میوزیم آف نیچر اینڈ سائنس میں ایک نمائش میں رکھا جائے گا۔ اس نمائش میں اس دریافت پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’ٹی ریکس‘ بھی دکھائی جائے گی۔

ٹائلر لائسن کا کہنا ہے کہ ان بچوں نے حیران کن دریافت کی ہے جو محققین کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ ‘ٹین ریکس’ کا یہ فوسل ان سوالوں کے جوابات دینے میں مدد کر سکتا ہے کہ ڈائنوساروں کا بادشاہ کہلانے والی یہ نوع کیسے پروان چڑھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp