ایف آئی اے کی کارروائی، جعلسازی سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والا مسافر ایجنٹ سمیت گرفتار

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جعلسازی سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو ایجنٹ سمیت کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم عادل حسین اور اللہ بچایو کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان فلائٹ نمبر XY314 کے ذریعے سعودی عرب جارہے تھے، جن کے پاسپورٹ پر سعودی عرب کے بزنس ویزے لگے ہوئے تھے۔

امیگریشن کے دوران ملزمان اپنے کاروبار کے حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات دینے میں ناکام رہے، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم عادل حسین نے مذکورہ ویزا حاصل کرنے کے لیے ایجنٹ اللہ بچایو کو 14 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

گرفتار ایجنٹ اللہ بچایو سہولتکاری کے طور پر ملزم عادل حسین کے ساتھ سعودی عرب جارہا تھا، ایجنٹ نے سعودی عرب پہنچ کرعادل حسین کے لیے نوکری کا بندوبست کرنا تھا، ملزم اللہ بچایو نے بھاری رقم کے عوض ملزم کو ورک ویزے کے بجائے بزنس ویزا لگوا کر دیا تھا۔

ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومین ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp