بلوچستان حکومت نے صوبے کے ایک لاکھ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ کو سمری ارسال کر دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ کا کہنا ہے کہ رمضان فوڈ پیکیج وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کا ویژن ہے اور صوبے کی مشکل اقتصادی صورت حال کے باوجود ان کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ پیکیج میں آٹا،چینی،چاول،کھجور،کھانے کا تیل،مشروبات اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہوں گی اور راشن کی تقسیم کا یہ عمل پی ڈی ایم اے کے زیراہتمام جلد شروع کیا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ کا کہنا تھا کہ رمضان فوڈ پیکیج کا دائرہ کار گلی محلے تک وسیع کریں گے اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بھی مستحق خاندانوں کو اس پروگرام کے تحت مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ پیکیج سے عام آدمی کو فائدہ پہنچتا ہے اس لیے حکومت نے یہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔