حج 1445: سعودی وزارت صحت کے انتظامات اور خدمات

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی وزارت صحت نے حج 1445 ہجری کے دوران عازمین کی صحت کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں، وزارت کے تحت مختلف خدمات اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ حجاج کرام کو بہترین طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

سعودی وزارت صحت نے 729 ایمبولینس گاڑیاں اور 7 ایمبولینس طیارے تیار رکھے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں عازمین کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے، اس کے علاوہ عازمین کے لیے 6,515 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں فوری طور پر علاج مہیا کیا جا سکے۔

نجی صحت کے شعبے میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 58 طبی مراکز اور 27 ایمرجنسی مراکز شامل ہیں، اس کے علاوہ، 18 فارمیسیز بھی عازمین کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے مختلف طبی اداروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے، جس میں 98 ایمبولینس مراکز، 189 اسپتال اور موبائل کلینکس، 14 بارڈر ہیلتھ مانیٹرنگ سینٹرز اور 12 لیبارٹریز شامل ہیں۔ ساتھ ہی 32 موبائل سپلائی ٹرک بھی موجود ہیں تاکہ ادویات اور دیگر ضروری سامان کی فوری فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ان تمام انتظامات کی تکمیل کے لیے 5,466 رضا کار بھی اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں، مجموعی طور پر 34,523 طبی اور انتظامی عملہ حج کے دوران عازمین کی خدمت کے لیے متحرک ہے، مزید 349 پیادہ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ عازمین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ تمام اقدامات سعودی حکومت کے وژن 2030 کے تحت کیے گئے ہیں، جس کا مقصد عازمین حج کو بہترین ممکنہ خدمات فراہم کرنا اور ان کی صحت وحفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp