پاکستان دفاعی چیمپیئن بھارت کو شکست دے کر ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے شہر دالیان میں جاری 22 ویں ایشین ٹیم چیمپیئن شپ کے مینز ایونٹ میں پاکستان دفاعی چیمپیئن بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

کواٹر فائنل مقابلوں میں پاکستان کے محمد عاصم خان اور نور زمان نے راہول بیتھا اور سورج کمار چند کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جب کہ پاکستان کے ناصر اقبال کو بھارت کے ویلوان سینتھل کمار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ پاکستان کے عاصم خان نے بھارت کے راہول بیتھا کو0-3 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔

دوسری جانب بھارت کے ویلاون سینتھل کمار نے بھی پاکستان کے ناصر اقبال کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی ہے۔

 پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے میچ کے بعد ناصر اقبال کے ہارنے کی وجہ بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ ناصر اقبال بخار میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے وہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

جب میچ 1-1 سے برابر ہو گیا تو پاکستان کے نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سورج کمار چند کو 0-3  سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچنے میں مدد کی۔

سیمی فائنل مقابلوں میں کل پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جس نے ایران کو شکست دی تھی۔پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ گل نے بھارت کے خلاف جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اس سے قبل پاکستان ایونٹ کے پول سی میں ناقابل شکست رہا تھا جہاں اس کے مد مقابل جنوبی کوریا، چینی تائی پے اور چین شامل تھے۔

پاکستان نے پہلے روز تائیپے کو 0-3 اور کوریا کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کیا تھا۔ پاکستان نے جمعرات کو چین کو 0-3 سے شکست دے کر اپنے پول میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp