پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف ٹیریان کیس سپریم کورٹ پہنچ گیاجب کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف نا اہلی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ہفتہ کے روزشہری محمد ساجد نے اپنے وکیل رفعت حسین کے ذریعے سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کےخلاف نااہلی درخواست خارج کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔
شہری محمد ساجد کی جانب سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں بانی پی ٹی آئی، الیکشن کمیشن، سرکار کو فریق بنایا گیا ہے، اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 21 مئی 2024 کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کو دستاویزات میں ظاہر نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا بیانِ حلفی جمع کروایا جب کہ ٹیریان وائٹ کی ولدیت کیلیفورنیا کی عدالت نے ثابت کر دی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو دلائل مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا اور ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اس سے قبل کیس کو سنا اور فیصلہ محفوظ کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامرفاروق نے اپنا فیصلہ نہیں سنایا، 2 ججز نے اپنا فیصلہ ویب سائٹ پراپلوڈ کروایا 2 ججز کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں، 3 رکنی بینچ 2 ایک سے فیصلہ کر سکتا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے اور بانی پی ٹی آئی کے نا اہلی کی درخواست منظور کی جائے۔