ٹی20 ورلڈکپ 2024: آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، انگلینڈ سُپر8 میں پہنچ گیا

اتوار 16 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 35 ویں میچ میں آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی یوں اس میچ کے نتیجے کی منتظر انگلش ٹیم سُپر8 کے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ گروپ بی سے آسٹریلیا پہلے ہی سُپر8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے گروپ بی کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ برینڈن میک مولن نے شاندار 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جارج مونسی نے 35 رنز بنائے، متھیو کراس 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان برینگٹن 31 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 2، ایگر، الیس اور زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر 186 رنز کے ساتھ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ ٹریوس ہیڈ 68، مارکوس اسٹونس 59 رنز بناسکے جبکہ ٹم ڈیوڈ 24 رز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

گروپ بی میں آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 5،5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کے میچ جیتنے سے انگلینڈ بہتر رن ریٹ پر سُپر8 میں پہنچ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp