مکہ میں شدید گرمی، چوہدری سالک کی پاکستانی حجاج سے سعودی ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل درآمد کی اپیل

پیر 17 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی حجاج کرام اپنی حفاظت کے پیش نظر سعودی حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ سخت موسم کے پیش نظر رمی جمرات کے لیے شام 4 بجے کے بعد روانہ ہوں۔ وزیر مذہبی امور نے یہ بیان سعودی نسک ایپ سے آج جاری ہونے والی ہیلتھ ایڈوائزری کے تناظر میں دیا۔

پاکستان حج مشن ہسپتال کو خصوصی انتظامات کی ہدایت

چوہدری سالک حسین نے پاکستان حج مشن ہسپتال کو بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور مشن ہسپتال میں ہنگامی انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دوپہر کو باہر نکلنے سے گریز کریں۔

منیٰ میں متوقع درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ

واضح رہے کہ وادی منیٰ میں متوقع درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کے باعث سعودی حکومت نے نسک ایپ کے ذریعے حجاج کرام کو دن 11 سے شام 4 بجے تک خیموں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا کہ رمی جمرات کے لیے حجاج کرام شام 4 بجے کے بعد روانہ ہوں۔

آج حج کا تیسرا دن ہے۔ حجاج کرام آج اور کل منیٰ کی خیمہ بستی میں ہی قیام کریں گے۔ حجاج کرام 11 اور 12 ذی الحجہ کو تینوں شیطانوں کو 7,7 کنکریاں ماریں گے۔ لاکھوں حجاج کرام آج بھی طواف زیارت کے لیے خانہ کعبہ کی طرف رواں دواں ہیں۔ طواف زیارت کرنے کے بعد حجاج کرام صفا و مروہ کی سعی کر رہے ہیں۔

کل شام مغرب سے قبل منیٰ کی خیمہ بستی کو بیشتر حجاج کرام خیر آباد کہہ دیں گے جبکہ باقی 13 ذی الحجہ کی رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں میں آئیں گے۔ رواں سال پاکستانی ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد عازمین مناسک حج ادا کر رہے ہیں۔ حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے پوسٹ حج پروازوں کا آغاز 20 جون سے ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp