ٹی20 ورلڈ کپ: افغانستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست، کئی ریکارڈز بھی بن گئے

منگل 18 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے 40ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز سے شکست دیدی۔ سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی لیکن اوپنر برینڈن کنگ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر 7 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ نکولس پورن نے 53 گیندوں پر 98 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی جبکہ جونسن چارلس 43 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ روون پاول اور شائی ہوپ بالترتیب 26، 25 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے 218 رنز بنائے، افغانستان کے گلبدین نائب نے 2 جبکہ عظمت اللہ عمر زئی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنز رحمان اللہ گرباز پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے، گلبدین نائب بھی 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اوپنر ابراہیم زادران اور عظمت اللہ عمرزئی بالترتیب 38 اور 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان نے 18، کریم جنت نے 14 رنز اسکور کیے، نوین الحق 4، نور احمد 2، محمد نمبر 1 رن ہی بنا پائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عبید مکائے نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عقیل حسین نے 2 اور گڈ کیش موتی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، آندرے رسل اور الزاری جوزف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن 53 گیندوں پر 98 رنز بنا کر مین آف دی میچ رہے۔

میچ میں بنے نئے ریکارڈز

 ٹی20 ورلڈ کپ کے 40ویں میچ کی خاص بات یہ ہے کہ رواں ایڈیشن میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 218 رنز بنائے گئے ہیں۔ انفرادی طور پر بھی کسی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنے ہیں، نکولس پورن نے 53 گیندوں پر 98 رنز بنائے، اس سے قبل امریکا کے ایرون جونز نے 94 رنز بنائے تھے۔ پہلے 6 اوورز میں 92 رنز بنے جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاور پلے میں بننے والے سب سے زیادہ رنز ہیں۔  پھرعظمت اللہ عمر زئی کو ایک ہی اوور میں 36 رنز پڑے۔ اور پورن ٹی20 کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے کرس گیل کا ریکارڈ توڑا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp