پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح بلے باز شاہد آفریدی نے یوٹیوبر عمران ریاض پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہی گیلے تیتروں اور مشیروں کی وجہ سے سیاسی رہنما آج جیل میں ہے، اُن کے آس پاس بہتر لوگ ہوتے تو آج حالات مختلف ہوتے۔ موجودہ حالات میں یوٹیوب کانٹینٹ بنانے میں یقیناً مشکل پیش آرہی ہوگی لیکن اسکا مطلب یہ نہیں کہ جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنا کر پیش کیا جائے۔
ایکس پوسٹ پر شاہد آفریدی نے عمران ریاض کا یوٹیوب کلپ لف کرتے ہوئے لکھا کہ میری طرف سے جھوٹے پراپیگنڈے کا یہ آخری جواب ہے کیونکہ آپ کو جھوٹ بول کر اور بار بار میرا نام لے کر یو ٹیوب پر ڈالر کمانے ہیں جبکہ مجھے اپنی فاؤنڈیشن سے کیے جانے والے فلاحی کاموں کی دیکھ بھال کرنی ہے۔ اتنا وقت نہیں ہے کہ ہر ٹرول کا جواب دیتا رہوں۔
یاد رہے کہ عمران ریاض نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں شاہد آفریدی پر کڑی تنیقد کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد آفریدی کو ٹیم سے دور کردیا جائے تو ٹیم کے لیے مفید ہے۔ جیسے ہی یہ ٹیم کے نزدیک آئے انہیں اٹھا کر دور پھینک دو۔ شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کلاس بؤلر ہے، اگر شاہد آفریدی اس کے آس پاس رہے گا اور اپنی سیاست کھیلے گا تو وہ نہ صرف شاہین شاہ آفریدی کو تباہ کردے گا بلکہ قومی ٹیم کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ شاہد آفریدی کی گندی سیاست سے ٹیم کو بچایا جائے۔