چین سے تعلقات بہتر ہوئے، ایک جماعت پروپیگنڈا کررہی ہے، احسن اقبال

بدھ 19 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوئے ہیں لیکن ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مخالفین کو دباؤ میں لانے کے لیے ٹرولنگ شروع کی جاتی ہے، تنقید کرنے والوں کو ٹرولنگ کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے، حکومت اور اپوزیشن میں رہے لیکن کبھی ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، اداروں کوکمزور کریں گے تو ریاست کی بقا کے لیے باہر سے کوئی ضمانت نہیں لا سکتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پر ٹرولنگ شروع کردی گئی ہے، تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہےکہ خدانخواستہ پاکستان اورچین کے تعلقات میں کمی آگئی ہے، پہلی دفعہ خلائی شعبے میں پاکستان اور چین کے تعلقات میں پیشرفت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے کہا ہے کہ وہ اپ گریڈیڈ لیول پر سی پیک کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے، چین سے روابط کو اسپیس کے شعبے میں بھی وسعت دی گئی ہے۔

‘کوئی احمق ہوگا جو کہے گا پاک چین تعلقات کم ہوئے’

پاک چین تعلقات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ مشترکہ بیان سننے کے بعد کوئی احمق ہی ہوگا جوکہے گا کہ پاک چین تعلقات کم ہورہے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورہ کے بعد چین کے ساتھ تعلقات مزید بڑھے ہیں، چینی صدر نے کہا ہم اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے، یہ جماعت چین سے متعلق مخصوص ایجنڈا اپنائے ہوئے ہے، یہ لوگ چین سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر دے رہے ہیں لیکن چین سے ہمارا تعاون ہمالیہ سے بھی بلند ہوچکا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ آپس کے اختلافات ہوسکتے ہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست کے مفاد کےساتھ کھیلیں، ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلیں گے تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا، ہمارا فرض ہے پاکستانی ریاست کے مفادات کا دفاع کریں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ چین کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے سالانہ 3 لاکھ پاکستانیوں کو تربیت دینے کا وعدہ کیا ہے، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے چین سے جدید ٹیکنالوجی لانے کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی، نوجوانوں کو نفرت سے پاک کرکے بہترین تربیت دینی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp