کھلاڑی میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں سوتے رہتے تھے، محمد حفیظ کے بیان پر تنقید کیوں؟

جمعرات 20 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کے دوران 4 سے 5 کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے، جس پر انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میچ کے دوران آپ کس طرح سو سکتے ہیں اور جو کھلاڑی میچ کے دوران ایسا کریں گے وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہو سکتے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میچ کے دوران اپنا فوکس رکھیں اور اپنی پوری توجہ میچ پر دیں۔ میچ کے بعد کھلاڑی کچھ بھی کریں وہ اس میں مداخلت نہیں کریں گے کیونکہ وہ ان کی نجی زندگی ہے۔

ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں کہ اس کے بعد محمد حفیظ کو سائیڈ پر کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے کھلاڑیوں کو اپنا معمول کا کام نہیں کرنے دیا۔

ایک صارف نے محمد حفیظ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی تھوڑی دیر کے لیے آرام کر سکتا ہے یہ کوئی ملٹری کیمپ نہیں ہے جہاں اس کی اجازت نہ ہو۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ شکر ہے محمد حفیظ کو قومی ٹیم کے ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے سابق کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی مختلف ہوتا ہے۔ کچھ اپنی بے چینی دور کرنے کے لیے موسیقی سنتے ہیں تو چند ایسے بھی ہیں جو آرام کر لیتے ہیں اور ان میں سے اکثرعظیم کھلاڑی ہیں۔

اسامہ ظفر لکھتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر جیک کیلس لائیو میچز کے دوران سوتے تھے اور پھر سنچریاں بھی اسکور کرتے تھے۔ صارف نے محمد حفیظ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس پی ٹی ماسٹر نے نہ جانے کتنے پاکستانی کیلس تباہ کر دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp