وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چینی وفد جمعرات کو پاکستان پہنچ رہا ہے اور وہ اس دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے سی پیک پر اہم بات چیت کرے گا۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے اور سی پیک منصوبہ نہ صرف آگے بڑھے گا بلکہ بہت تیزی سے بڑھے گا۔
’پاک چین دوستی بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی‘
عطا تارڑ نے کہا کہ بہت سی طاقتوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہورہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کرنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے حوالے سے منفی تبصروں سے اجتناب برتنا چاہیے۔
خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے گرڈ اسٹیشنوں پر دھاوے بولنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کے پی بھی پاکستان کا اتنا ہی حصہ ہے جتنے دوسرے صوبے ہیں تاہم ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے اور صوبائی تعصب پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
’عوامی مسائل پر وفاق اور صوبوں کو ایک پیج پر (متفق الخیال) ہونا چاہیے‘
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم کے پی وزیراعلیٰ کی زبان میں جواب نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی چپقلش کسی اور فرنٹ پر نمٹائی جاسکتی ہے لیکن جہاں عوامی مسائل کا تعلق ہے وہاں اس طرح نہیں ہونا چاہیے بلکہ افہام و تفہیم سے چلنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز کے مسائل وفاق اور صوبوں کو مل کر حل کرنے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے مسائل پر ایک کمیٹی بنادی گئی ہے لہٰذا صوبوں کو چاہیے کہ وہیں بیٹھ کر اپنے معاملات طے کریں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عوام کو سہولت دینے کے معاملے میں ہمیں ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
’پی پی وفد بجٹ کے حوالے سے آج حکومتی اراکین سے ملے گا‘
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں معیشت کے لیے اچھی خبریں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد آج بجٹ کے حوالے سے مل رہا ہے اور اس اجلاس کی جو بتانے والی باتیں ہوں گی وہ بتادی جائیں گی۔