ٹی20 ورلڈ کپ کا سپر 8 مرحلہ جاری ہے، سر ویون رچرڈ کرکٹ اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ اینٹیگوا ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 44ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو ڈک ورتھ لوئس کے تحت 28رنز سے شکست دے دی۔ بنگلادیش نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا، آسٹریلوی بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 11ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے، بارش شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 33گیندوں پر 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، گلین میکزویل نے 6گیندوں پر 14 رنز بنائے اور یہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹریوس ہیڈ نے 21گیندوں پر 31 رنز بنائے، جبکہ مچل مارش 6گیندوں پر 1 ہی رنز بنا سکے تھے۔ بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں
ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلادیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، کپتان نجم الحسین نے سب سے زیادہ 41، توحید ہری ڈوئے نے 40، اور لٹن داس نے 16 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 13 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3، ایڈم زیمپا نے 2 اور مچل اسٹارک، اسٹوئنس اور گلین میکس ویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے درمیان سپر 8 مرحلے کا پہلا میچ ہے، اس کے علاوہ گزشتہ روز بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی، انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ بھی اپنے پہلے میچز جیت چکے ہیں۔