’نک دا کوکا‘ کا نیا ورژن: ’ملکو اور سارا الطاف کو آخر راتوں رات کیا ہوگیا؟‘

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف گلوکار ملکو اور سارا الطاف نے اپنے سپر ہٹ گانے ’نک دا کوکا‘ کا نیا ورژن ’پاک فوج نے اپنا فرض نبھانا اے‘ متعارف کروا دیا ہے جو پاک فوج کے حق میں ہے۔ گانے کا نیا ورژن سامنے آنے کے بعد صارفین کا کہنا ہے کہ اب ملکو کا نام پی این آئی لسٹ میں سے نکال دیا جائے گا اور انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

ایک صارف نے لکھا کہ آخر گلوکار ملکو سے بھی جبری ترانہ کہلوا لیا گیا۔

صارفین گانے کے بول شیئر کرتے ہوئے حیرانی کا اظہار کررہے ہیں کہ گلوکاروں کو آخر راتوں رات کیا ہو گیا ہے۔ صحافی طارق متین نے گلوکارہ سارا الطاف کا گانا شیئر کیا جس میں وہ فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’نعرہ گج وج کے ہر میدان اچ لایا اے اوکھے ویلے فوج نے ملک بچایا اے‘۔

جاوید اقبال لکھتے ہیں کہ صرف باہر جانے سے روکنے پر ’نک دا کوکا‘ پلٹی مار گیا ساتھ ہی انہوں نے تحریک انصاف کے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ملکو کو گالیاں دینے کا وقت ہو گیا ہے۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ یہ ملکو کو کیا ہو گیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ یہ اصل گانا ہے یا کسی نے شرارت کی ہے۔

فیاض شاہ نے لکھا کہ کیا ملکو کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہو گیا ہے؟

ہانیہ ملک نے کہا کہ گلوکار ملکو کامشہور گانا ’نک دا کوکا‘ کا نیا ورژن سامنے آنے کے بعد لگتا ہے ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

ایک ایکس صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ملکو نے ملکوں بار وی تے جانا اے‘ (ملکو نے ملک سے باہر بھی تو جانا ہے)۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں معروف گلوکاروں ملکو اور سارا الطاف کو نام پی این آئی لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے لندن جانے سے روک دیا گیا تھا، دونوں گلوکار شوز کے لیے لندن جا رہے تھے۔

گلوکار ملکو نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ ان کا نام پی این آئی لسٹ سے نکالا جائے کیونکہ لندن میں شوز نہ کرنے سے انہیں اور ان کے پروموٹرز کو بہت نقصان ہوگا۔

گلوکار ملکو کا کہنا تھا کہ آرٹسٹ ہمیشہ سانجھا ہوتا ہے سب کے لیے گانے گائے ہیں، پوری دنیا کے شائقین مجھے سننا چاہتے ہیں، آف لوڈ کر دیا جائے تو پوری دنیا میں کیا میسج جائے گا۔

گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بیرون ملک جا کر پیسہ پاکستان لے کر ہی آنا تھا جس کی وجہ سے کتنے لوگوں کے گھروں کے چولہے جلنے تھے۔

ملکو کو آف لوڈ کرنے کے بعد صارفین کی جانب سے حکومت پر تنقید کی جا رہی تھی کہ عمران خان سے اختلاف ضرور کریں لیکن پابندیوں سے اس گانے کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا، گانے سے اتنا مت گھبرائیں۔

 پاکستانی گلوکار ملکو کے عمران خان کے حوالے سے گائے گئے گانے ’نک دا کوکا‘ نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp