پاکستان کا روسی ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت ہونے کا فیصلہ

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے روس کے نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان کو نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کی دعوت دی تھی، پاکستان نے اس منصوبے میں شمولیت کے لیے اصولی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پاکستان نے اس حوالے سے بات چیت اور متعلقہ طریقہ کار پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، پاکستان نے کامیابی سے 10 لاکھ ٹن روسی خام تیل درآمد کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے پاکستان اور روسی فیڈریشن میں زراعت میں باہم تعاون کے فروغ پر بات چیت جاری ہے، پاکستانی کینو کی پہلی کھیپ کو ایران اور آذربائیجان کے راستے روسی ریاست داغستان پہنچایا گیا ہے، پاکستان سی پیک کے ساتھ ساتھ شاہراہ ریشم کو انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں استعمال کرنے پر غور کررہا ہے۔

پاکستان جدید فرنیچر کی صنعت اور روس کی لکڑی کے وافر وسائل کے درمیان تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے، روسی فیڈریشن سے پاکستان کو لکڑی کی درآمد پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مزید پاکستانی طلبا کو روسی جامعات میں تعلیم کے مواقع کی فراہمی پر بھی کام کیا جارہا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان ماحولیاتی پائیداری پر بھی بات چیت جاری ہے

روس کا بین الاقوامی نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور ہوائی جہاز، ریلویز، اور شاہراؤں کے راستوں کا 7 ہزار 200 کلومیٹر طویل ملٹی موڈ نیٹ ورک ہے، یہ نیٹ ورک ایران، بھارت،آذربائیجان، پاکستان، روسی فیڈریشن، وسطی ایشیائی ممالک اور شمالی یورپ کے درمیان نقل و حمل کے لیے استعمال ہو گا۔

یہ راہداری خلیج فارس اور کیسپین کے علاقے میں سڑکوں اور ریل کے راستوں کے ساتھ بندرگاہوں سے بھری ہوگی ہے، سی پیک کی طرح روس کا انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور معاشی فوائد کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔

ایران، آذربائیجان سے روس تک ریل کا راستہ خطے کے ممالک بشمول پاکستان، تجارت میں اضافے کے لیے کلیدی ثابت ہوسکتا ہے، منصوبے سے پاکستان کے ایران، آذربائیجان، روس سمیت خطے سے دیگر ممالک سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp