آئی جی پنجاب نان پروفیشنل ہیں، وزیر اعلیٰ کی ایما پر احتجاج سے روک رہے ہیں، عمر ایوب

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ آئی جی پنجاب تمام کارروائیاں خلافِ قانون کررہے ہیں۔ آئی جی نے پورے پنجاب میں دفعہ 144 لگا دی ہے، یہ کیسے نان پروفیشنل شخص ہیں۔ آئی جی پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹاؤٹ ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ یہ ہمارے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے، پنجاب میں ہمارے کارکنوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے تحت جلسوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ تمام اپوزیشن الائنس پارٹیوں نے آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے، ہم پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمارے اراکین احتجاج میں شرکت کریں گے، ہمارے اراکین کا استحقاق مجروح ہو رہا ہے، ان کی گرفتاریوں کا خدشہ ہے۔

اس دوران ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ بولے کہ یہ صوبائی معاملہ ہے، امید ہے کہ وہ خود ہی معاملہ حل کرلیں گے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ ایک غیرقانونی دستاویز ہے جو یہاں پیش ہوا، بجٹ جب پیش ہوتا ہے تو فنانس بل سمیت تمام دستاویز یہاں پیش کرنے ہوتے ہیں۔ ایوان میں وہ دستاویز آئے ہی نہیں، صرف وزیر خزانہ کی تقریر تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp