ڈیرہ بگٹی: نایاب تیندوے کے شکار پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نایاب نسل کے تیندوے کو اہل علاقہ نے مار ڈالا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے مطابق وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت 7افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

سوئی کے پہاڑی علاقے میں چرواہوں کو ایک نایاب نسل کا  تیندوا نظرآیا، جس کی اطلاع انہوں نے اہل علاقہ کو دی۔ جس کے بعد چند مسلح افراد نے تیندوے کا پہاڑی علاقے میں پیچھا کیا اور اس کے غار تک پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مسلح افراد نے نایاب نسل کے تیندوے کوڈھونڈ کر اسے ہلاک کردیا، اور اس کے بعد تیندوے کی ویڈیو بھی بنائی، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

دوسری جانب نایاب نسل کے جانور کی ہلاکت پر مقامی افراد افسردہ ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ لیکن محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

چرواہوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے سوئی کے نواحی علاقے میں تیندوا نظر آرہا تھا اور ان کی بھیڑ بکریوں کو بھی نقصان پہنچا جارہا تھا۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اعجاز سرور کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ وائلد لائف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، مقدمے میں 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

اعجاز سرور نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاحال کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی مکران ڈویژن کے پہاڑی سلسلے میں نایاب فارسی تیندوے کو قتل کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp