اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے 7 سال تک تعلق میں رہنے کے بعد ممبئی میں اپنے قریبی دوستوں اور خاندان والوں کی موجودگی میں 23 جون 2024 کو اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی۔
مزید پڑھیں
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اپنی شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ اسی دن، 7 سال پہلے ہم نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں محبت کو اس کی خالص ترین شکل میں دیکھا اور اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
سوناکشی سنہا کے شوہر ظہیر اقبال کے بارے میں بہت سے لوگ نہیں جانتے ہیں۔ 10 دسمبر 1988 کو پیدا ہونے والے ظہیر اقبال ایک اداکار اور ماڈل ہیں۔
ان کا پورا نام ظہیر اقبال رتنسی ہے اور ان کا تعلق ایک متمول گھرانے سے ہے۔ ان کے والد اقبال رتنسی ایک تاجر ہیں جبکہ ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں۔
ظہیر کی بہن کا نام صنم رتانی ہے جو ایک مشہور اسٹائلسٹ ہیں اور ان کے چھوٹے بھائی کمپیوٹر انجینیئر ہیں۔
ظہیر اقبال ممبئی اسکاٹش اسکول کے گریجویٹ ہیں جہاں اداکار رنبیر کپور ان کے سینیئر تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ظہیر کے والد اقبال رتنسی سلمان خان کے قریبی دوست ہیں۔ یہاں تک کہ سنہ 2018 میں سلمان نے اقبال کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کی اور انہیں اپنا ذاتی بینک قرار دیا۔
سلمان خان نے ظہیر کے والد کی ایک تصویر ٹوئٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ یہ میرا بچپن کا دوست اقبال ہے، جوانی میں وہ میرا بینک تھا، میں اب بھی اس کا 2011 سے قرض دار ہوں۔
ظہیر اقبال نے اپنی اداکاری کا آغاز 2019 کی فلم ’دی نوٹ بک‘ میں پرانوتا بہل کے ساتھ کیا جو کاجول کی بھانجی ہیں۔ اس فلم کو سلمان خان نے پروڈیوس کیا تھا اور اسے تھائی فلم ’دی ٹیچرز ڈائری‘ سے اخذ کیا گیا تھا تاہم وہ فلم باکس آفس پر کچھ اچھا نہیں کر پائی۔
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا نے بھی سلمان خان کی فلم ’دبنگ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
سوناکشی اور ظہیر کی پہلی ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی تھی جس کی میزبانی سلمان خان نے کی تھی۔
سوناکشی اور ظہیر جلد ہی دوست بن گئے اور 2017 میں ملنا شروع کیا لیکن انہوں نے اپنے تعلقات کو نجی رکھا اور جوڑے نے بالآخر 2024 میں شادی کرلی۔
میرے لیے اہم یہ ہے کہ میری بیٹی اپنے جیون ساتھی کے ساتھ خوش ہے، شتروگن سنہا
سوناکشی اور ظہیر کی رجسٹرڈ شادی کے دوران معروف اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا خوش نظر آئے۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کیسا محسوس کررہے ہیں اور نئے جوڑے کو ہمیشہ ایک ساتھ رہنے کی دعا بھی دی۔
شتروگن سنہا نے کہا کہ ہر باپ اس لمحے کا انتظار کرتا ہے جب اس کی بیٹی کو اس کی پسند کے شخص کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی ظہیر کے ساتھ بہت خوش ہے اور یہ میرے لیے ایک اہم بات ہے، خدا ان کی جوڑی کو سلامت رکھے۔