سیمی فائنل تک رسائی کے بعد افغانستان میں لوگ کس طرح خوشیاں منارہے ہیں؟

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان کرکٹ ٹیم کے پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر شائقین کرکٹ سڑکوں پر نکل آئے اور ملک کے کئی مقامات پر جشن منانے کے لیے اکٹھے ہوگئے۔ افغانستان نے آج سنسی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 8رنز سے شکست دی اور ساتھ ہی آسٹریلیا کو بھی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا۔

افغانستان میں شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے، ملک کے مختلف شہروں میں کئی مقامات پر شائقین اکٹھے ہوئے اور اپنی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر جشن مناتے رہے۔ شائقین اپنی ٹیم سے خوشی کا اظہار کرنے گھروں اور مارکیٹوں کی چھتوں پر چڑھ گئے اور نعرے لگاتے رہے۔

افغانستان کے مختلف علاقوں کابل، خوست، نگرہار اور جلال آباد میں بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکل آئے اور اپنی ٹیم کی بڑی کامیابی پرخوشیاں مناتے رہے۔

دوسری جانب افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی رسائی پر ٹیم کے کپتان راشد خان سے ویڈیو کال پر گفتگو کی اور مبارکباد دی، اور آئندہ بھی اسی طرح جارحانہ کھیل پیش کرنے اور ملک کا نام روشن کرنے کی امید ظاہر کی۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ملک بھر میں منائے جانے والے جشن کی ویڈیوز شیئر کیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتنی بڑی تعداد میں افغانی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے اور کرکٹ سے پیار کا اظہار کرنے سڑکوں پر امڈ آئے ہیں۔

 

خیال رہے سپر8 مرحلے کے آخری اور اہم میچ میں بنگلا دیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کرکے افغانستان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کپتان راشد خان کی قیادت میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 8رنز سے شکست دی، جس کا مطلب یہ تھا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ فیورٹ، آسٹریلیا کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

واضح رہے اس ورلڈ کپ میں افغانستان نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کو زبردست شکست سے دوچار کیا، اور فتوحات کے بعد راشد خان کی قیادت میں ٹورنامنٹ کے فائنل فور میں پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp