’پاگل خانہ‘ گرین انٹرٹینمنٹ کا مشہور ڈرامہ سیریل ہے، اس کی تحریر اور ہدایت کاری اقبال حسین نے کی ہے۔ ڈرامے کی کہانی ذہنی طور پر معذور افراد کے گرد گھومتی ہے جو ایک اسپتال میں ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔
مزید پڑھیں
گزشتہ رات ڈرامہ سیریل کی آخری قسط ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی، اس سے پچھلی قسط میں تمام مریضوں کو ان کی ذہنی بیماریوں سے صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ نور کو احساس ہوا کہ سچی محبت صرف خالق سے ہونی چاہیے بندوں سے نہیں۔ اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ جب سلمان نے ان کے نکاح کے باوجود چھوڑ دیا اس کے بعد وہ ایک وہم کا شکار ہوگئی تھیں۔
شائقین کو ڈرامہ سیریل پسند آیا لیکن وہ نور کے افسوسناک انجام سے مایوس ہوئے۔ کچھ نور اور سلمان کے نکاح کے منظر کے بارے میں الجھن میں تھے، ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ چیز ہے جو انہوں نے پہلے نہیں دیکھی تھی۔ شائقین نے کاسٹ کی شاندار اداکاری کو سراہا۔
مداحوں نے صبا قمر کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اقبال حسین کے لیے ان کی منفرد اور غیر معمولی ہدایت کاری کے لیے ایوارڈ کی خواہش کی۔ بہت سے مداحوں نے ڈرامے کی حقیقت پسندانہ اور اثر انگیز کہانی کو سراہا۔
ڈرامہ کی کاسٹ میں صبا قمر، سمیع خان، عمیر رانا، مومل شیخ، سید جبران، عدنان شاہ ٹیپو، مشال خان، جان ریمبو اور فائزہ گیلانی شامل ہیں۔ ڈرامہ ملٹی ورس انٹرٹینمنٹ پروڈکشنز نے تیار کیا ہے۔