سکھر بیراج کا نیا گیٹ 20 جولائی تک آ جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 26 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سکھر بیراج کا نیا گیٹ نصب کرنے پر کام جاری ہے،  توقع ہے کہ 20 جولائی تک نیا گیٹ آجائے گا۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر بیراج کا گیٹ 1982 میں بھی گرا تھا، اس وقت جب گیٹ گرا تھا، اس وقت دریائے سندھ میں 30 ہزار کیوسک سے اوپر پانی نہیں تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جون اور جولائی میں دریاؤں میں پانی کا لیول بلند ترین سطح پر ہوتا ہے، اب جب سکھر بیراج کا گیٹ ٹوٹا تو دریائے سندھ میں ایک لاکھ 5 ہزار کیوسک سے اوپر لیول کا پانی تھا۔

انہوں نے کہا کہ گیٹ گرنے سے پہلے ہی ہم نے اسے تبدیل کرنے کا پراسیس شروع کردیا تھا، پچھلے 3 یا 4 سال سے اس پر کام جاری تھا، چینی کمپنی اس پر کام جاری رکھے ہوئے تھی، سکھر بیراج سے نہروں کو پانی دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ بیراج میں پانی بھرنا پڑتا ہے، ایک دم نہیں بھرا جاتا۔

’سکھر بیراج میں 4 ہزار 700 ٹن مٹی ڈالی گئی ہے، جب گیٹ ٹوٹا تو بیراج میں پانی کا لیول 199.5 فٹ تھا، اس کو کم کرکے 192 فٹ پر لایا گیا، 20 جولائی تک بیراج کا گیٹ بدل دیا جائے گا، پرانا گیٹ بھی نکال کر رکھا گیا ہے، اگر مقرر وقت تک گیٹ نہ آیا تو عارضی طور پر پرانا گیٹ نصب کیا جائے گا۔‘

یاد رہے کہ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے سب سے قدیم سکھر بیراج کا پ50ٹن وزنی گیٹ نمبر 47 پانی کے پریشر  سے اچانک ٹوٹ کر پانی میں گر گیا تھا، جس کے باعث بیراج کے گیٹ نمبر 44 کو  بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp