سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی 21 مئی کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے تھے، تاہم رہائی کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی صدر ہونے کے ناطے انہوں نے ابھی تک مکمل سیاسی سرگرمیوں کا آغاز نہیں کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پرویزالٰہی نے خصوصی شرکت کی اور میڈیا کو بتایا کہ وہ کسی ڈیل کے نتجے میں جیل سے باہر نہیں آئے، وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کی عمران خان سے جیل میں بات چیت ہوتی رہتی تھی، جس کا نتیجہ جلد رنگ لائے گا۔
چوہدری پرویزالٰہی کے قریبی ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی ابھی کچھ نہیں کرنے جارہے، ابھی ان کی صحت کے کافی مسائل چل رہے ہیں، وہ زیادہ دیر تک کھڑے نہیں ہوسکتے، ان کا علاج چل رہا ہے،اس لیے ابھی وہ پی ٹی آئی کی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے رہے، حتی کہ اسکائپ پر ہونے والی پارٹی میٹنگز میں بھی وہ نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری پرویزالٰہی کو پارٹی کی طرف سے پیغام بھی بجھوایا گیا کہ وہ پارٹی کی میٹنگز کا حصہ بنیں، لیکن پرویزالٰہی نے ابھی کسی بھی پارٹی میٹنگ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے، لیکن پی ٹی آئی کے کچھ رہنما وقت لے کر ان سے ملنے آتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی پرویزالٰہی سے خفیہ ملاقاتیں
چوہدری پرویزالٰہی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ رہائی کے بعد چوہدری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے کئی رہنماوں نے ان کے گھر پر ملاقاتیں کی ہیں، پی ٹی آئی کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور کچھ سینیٹرز نے پرویزالٰہی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ان ملاقاتوں میں پارٹی پر سختیاں کب ختم ہو رہی ہیں، عمران خان کب جیل سے باہر آرہے ہیں ، آگے کیا ہونے جارہا ہے، اس حوالے سے چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ابھی تک جتنی بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں ان میں چوہدری پرویزالٰہی نے یہ کہا ہے کہ عمران خان کے ابھی جیل سے باہر آنے کے کوئی چانسز نہیں ہیں، لیکن میں چاہا رہا ہوں کہ عمران خان کے معاملات طاقت ور حلقوں سے مزید خراب نہ ہوں۔
پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ وہ جلد عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات بھی کریں گے، اس طرح کی باتیں آنے والے پوچھ بھی رہے ہیں اور پرویز اپنے خیالات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
ان ملاقاتوں کی فوٹیج اور تصویر میڈیا کو جاری کرنے کے حوالے سے چوہدری پرویزالٰہی نے سختی سے منع کررکھا ہے، اس لیے ابھی تک چوہدری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کی ملاقاتوں کی ویڈیو یا تصویر ہماری طرف سے جاری نہیں کی گئی۔
میڈیا کو تصویر اور ویڈیو جاری نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ پرویزالٰہی ابھی خاموش رہنا چاہتے ہیں، نہ ہی وہ پارٹی کہ کسی احتجاج میں شرکت کرنے کا اردہ رکھتے ہیں۔
پرویزالٰہی کوئی مرکزی کردار ادا کرتے نظر نہیں آرہے؟
سینئیر تجزیہ کار سلمان غنی نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے سیاسی ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر رکھا ہے ، پرویز الہی ہر چیز کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
’مجھے نہیں لگتا کہ چوہدری پرویزالٰہی پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہیں گے، کیوں کہ انہوں نے جو سختیاں جھیلنی تھیں وہ جھیل لی ہیں، اور جس جماعت کی خاطر وہ جیل میں گئے اس کو وہ کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔‘
سلمان غنی نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی کا پنجاب کے اندر اپنا ایک سیاسی قد کاٹھ ہے، البتہ اس وقت جماعت مشکل حالات میں ضرور ہے اور جس طرح کے حالات ہیں، ان کے اندر پرویزالٰہی مجھے کوئی مرکزی کردار ادا کرتے نظر نہیں آرہے، وہ خاموش رہ کر اپنا سیاسی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔