پرویز الٰہی کو اطمینان کے مطابق طبی سہولت فراہم کی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو طبی معائنے اور فیملی سے ملنے کی اجازت دیتے ہوئے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت دی کہ پرویز الٰہی کو پمز اسپتال سے چیک اپ کی سہولت فراہم کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے طبی معائنے اور سب جیل منتقلی کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو قیصرہ الہی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں لکھا گیا کہ اگر سیکریٹری داخلہ کے دائرہ کار میں ہے تو اس درخواست کا فیصلہ کریں۔

تحریری فیصلے کے مطابق اگر وزارت داخلہ کے دائرہ کار میں نہیں تو مجاز اتھارٹی کو درخواست 2 دن میں بھیجیں، مجاز اتھارٹی قانون کو مد نظر رکھ کر قیصرہ الٰہی کی درخواست پر فیصلہ کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پرویز الٰہی کے اطمینان کے مطابق ان کو طبی معائنے کی سہولت فراہم کی جائے، ایک ہفتے میں ایک دفعہ پرویز الٰہی کی فیملی اور ڈاکٹر کو ملنے کی اجازت دی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی ہدایت کی کہ پمز اسپتال سے چیک اپ کے حوالے سے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل پرویز الٰہی کو سہولت فراہم کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp