سیمی فائنل میں بدترین شکست پر افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان کا جذباتی پیغام

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20  ورلڈکپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے بدترین شکست سے دوچار ہونے والی افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے جذباتی پیغام جاری کردیا ہے۔

سُپر ایٹ میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دینے کے بعد بنگلادیش سے فتح حاصل کرنے والی افغانستان کی ٹیم کو سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بناکر آل آوٹ ہوئی، جواب میں جنوبی افریقہ نے 57 رنز کا ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میچ کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے، ان کے پیغام میں چار تصاویر شامل ہیں۔

راشد خان نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ وہ اس ٹی20 ورلڈ کپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔  ’ٹیم میں سے ہر ایک کی طرف سے لڑی جانے والی لڑائی قابل ستائش ہے اور مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، آنے والے دنوں میں مزید حوصلے کے ساتھ واپسی کریں گے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ہر اس شخص کا شکریہ جنہوں نے ہم پر یقین کیا اور لڑائی کو جاری رکھنے میں ہماری مدد کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp