ٹی20 ورلڈ کپ: اسٹیڈیم میں عمران خان کی تصویر والی شرٹ پہن کر آنا منع ہے؟

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اپنے اختتام کے قریب ہے لیکن یہ ورلڈ کپ کئی اعتبار سے خصوصاً پاکستان ٹیم کی ناکامی جبکہ امریکی اور افغان ٹیموں کی غیرمتوقع کارکردگی کی وجہ سے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

اس ورلڈ کپ کے دوران کئی دلچسپ واقعات اور تنازعات رونما ہوتے رہے لیکن ایک غیرمتوقع تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب ایک میچ سے پہلے اسٹیڈیم کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈ نے ان پاکستانی شائقین کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روک دیا جنہوں نے سابق کپتان عمران خان کی تصویر والی شرٹس پہنی ہوئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے آنے والے شائقین سیکیورٹی گارڈز کے اس مطالبے پر حیران رہ گئے اور بات سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

اس موقع پر ایک پاکستانی فین نے سیکیورٹی اہلکاروں سے سوال کیا کہ آئی سی سی قوانین یا اس کی ویب سائٹ میں کہاں لکھا ہے کہ آپ یہ شرٹ نہیں پہن سکتے، یہ ایک کرکٹر کی تصویر ہے، کیا کریبیئن میں واقع کسی کرکٹ اسٹیڈیم میں اس کرکٹر کی تصویر لانے پر پابندی عائد ہے۔

اس سوال کے جواب میں سیکیورٹی گارڈ نے جواب دیا، ‘میں صرف حکام بالا کی ہدایات پر عملدرآمد اور اپنی ڈیوٹی کررہا ہوں۔‘ سیکیورٹی گارڈ کی وضاحت پر پاکستانی شائقین کا غصہ کچھ کم ہوا لیکن اپنی شکایت کا اظہار کرتے رہے۔

رپورٹس کے مطابق، عمران خان کی تصویر اسٹیڈیم میں لانے پر پابندی سے متعلق وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں لیکن اس واقعہ نے حیرت انگیزیوں اور انہونیوں سے بھرپور ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک غیرمتوقع صورتحال کا تڑکا ضرور لگایا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں ہونے والے میچز میں سابق کپتان عمران خان کی تصویر والی شرٹ پہن کر آنے والے کئی شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ بند کیا گیا۔ اس کی وجہ یہی بیان کی جاتی ہے کہ شائقین اس تصویر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp