پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ نے اپنے لیگی ہم منصب کو کیا مشورہ دیا؟

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملکی سیاست میں حکومتی اتحاد سے مذاکرات کے رودار نہ ہونے کے باوجود تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کی جانب سے مسلم لیگ ن کے حال ہی میں نامزد ہونیوالے سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ صفدر لغاری کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کے نامزد سربراہ صفدر لغاری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مبارکباد دیتے ہوئے تحریک انصاف میں ان کے ہم منصب جبران الیاس نے ان سے دو محاذ پر پیش رفت کا مشورہ دیا ہے۔

’دو چیزوں پر اصرار کریں اپنی قیادت سے، جس سے آپ کو لوگ مانیں گے، فسطائیت کو ریجیکٹ کریں تا کہ سب کھل کے اپنی بات رکھیں۔۔۔ ٹوئیٹر کھلوائیں تا کہ سب دلیل کے ساتھ بات کر کے پاکستان کو آگے بڑھائیں۔‘

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جبران الیاس کی جانب سے مذکورہ پیغام ایکس پر صفدر لغاری کی جانب سے مریم نواز کے لیے تشکر کے پیغام پر مبنی پوسٹ کے جواب میں کیا گیا تھا۔

صفدر لغاری نے بطورِ سوشل میڈیا ہیڈ اپنی نامزدگی پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے پارٹی فرائض کی انجام دہی کے لیے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔

’میں مریم نواز شریف صاحبہ کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے موقع دیا، میں اس محاذ پر تمام سوشل میڈیا رضا کاروں کی حمایت سے قائد جناب نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کا پرچم بلند رکھوں گا۔‘

صفدر لغاری نے اپنی پوسٹ میں تمام دوستوں سے گزارش کی ہے کہ ان کی حالیہ ذمہ داریوں کے پیش نظر انہیں اپنی تجاویز سے ضرور آگاہ کریں تاکہ اس کے عین مطابق نعرہ حق بلند کرتے ہوئے قدم بڑھایا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp