’کئی دہائیوں سے دل شکستہ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ آخرکار تاریخ رقم کرنے کے قریب‘

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس سے پہلے آئی سی سی کے کسی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی ٹیم سیمی فائنل سے آگے نہیں جا سکی تھی۔

جنوبی افریقہ کے فائنل میں پہنچنے پر سوشل میڈیا صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ٹیم کو مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں۔ انڈین کمنٹیٹر ہارشا بوگھلے نے کہا کہ اس گیم میں اگرچہ جذبات افغانستان پر مرکوز تھے لیکن جنوبی افریقہ نے دکھایا ہے کہ وہ کپتان ایڈن مارکرم کی قیادت میں کتنی خطرناک ٹیم ہے اور پہلی بار فائنل میں پہنچنے پر داد کی مستحق ہے۔

دہلی کیپیٹلز کے نام سے ایک ایکس اکاؤنٹ کا کہنا تھا کہ 2014 میں کھیلے جانے والے ٹی20 ، 2015 اور 2023 میں  ون ڈے انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد 2024 میں ہونے والے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ نے بالآخر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

جنوبی افریقہ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد صارفین کا ایک ہی سوال ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کون سی ٹیم جیتے گی اور ساتھ ہی امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس بار ورلڈ کپ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہی جیتے گی۔

کرکٹ ویب سائیٹ کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کی گئی کہ کئی دہائیوں سے دل شکستہ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ آخرکار تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ٹی20 اور ون ڈے ورلڈکپ کے 7 سیمی فائنل کھیلنے کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ نہ جانے کیوں لیکن جنوبی افریقہ اس بار ٹی20 ورلڈکپ کا نیا چیمپئن بنتا نظر آرہا ہے۔

افغانستان سے جیت کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ یہ صرف کپتان ہی نہیں ہوتا جو آپ کو مقابلے کے اس مرحلے تک پہنچاتا ہے بلکہ یہ پورے اسکواڈ کی کوشش ہے جس میں پردے کے پیچھے اور میدان سے باہر کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ نے ٹی20 اور ون ڈے ورلڈکپ کے 8 سیمی فائنل کھیلے اور پہلی بار فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ جنوبی افریقہ کے پاس ابھی تک ایک ہی انٹرنیشنل ٹائٹل ہے اور وہ  ہے چیمپئن ٹرافی۔ 1998 میں جنوبی افریقہ نے یہ ٹائٹل جیت کر پہلی مرتبہ کوئی انٹرنیشنل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

 2009 کے ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، دوسری بار پروٹیز نے 2014 کے ٹی20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، جس میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا تھا۔

ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنلز میں جنوبی افریقہ کو 1992 میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، آسٹریلیا سے ہونے والا 1999 ورلڈکپ کا سیمی فائنل برابری پر ختم ہوا، 2007 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں ایک بار پھر آسٹریلیا سے شکست ہوئی، 2015 کے ون ڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے پروٹیز کو شکست دی اور 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پروٹیز کو کینگروز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp