غیر انسانی سلوک کی شکار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ کب لگے گی؟

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانگھڑ سے زخمی حالت میں کراچی منتقل کی گئی اونٹنی کیمی کو 3 ٹانگوں پرکھڑا رہنے کے قابل بنانے کے لیے عارضی طور پر ایک آہنی سہارا لگا دیا گیا ہے جبکہ ایک ٹانگ کٹنے سے لگنے والے زخم مندمل ہونے کے بعد اسے مصنوعی ٹانگ لگا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ اونٹنی کے مالک سومربَھَن کے مطابق ان کی اونٹنی ایک وڈیرے کی زرعی زمین میں چلی گئی تھی جس کے بعد وڈیرے نے مبینہ طور پر ملازمین کے ہمراہ کیمی پر تشدد کیا اور پھر تیز دھار آلے سے اس کی ٹانگ کاٹ دی۔

کیمی کو سانگھڑ سے زخمی حالت میں کراچی کے اینیمل شیلٹرمیں منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد سے اونٹنی کا علاج و مصنوعی ٹانگ لگانے کے حوالے سے کام جاری ہے۔

اونٹنی کا مالک انسانوں کے ہاتھوں جانور کے ساتھ ہوئے ظلم پر دہائی دیتے ہوئے۔

اونٹنی کو 3 ٹانگوں پرکھڑا ہونے میں مدد دینے کے لیے ایک آہنی سپورٹ ڈھانچہ تیار کر لیا گیا ہے۔ لوہے کے ستونوں والا یہ سپورٹنگ فریم اونٹنی کے جسم سے بندھے ایک سیفٹی بیلٹ سے منسلک ہوگا اوراونٹنی کو سہارادے کررکھے گا۔

اس آہنی ڈھانچے میں اوپرکی جانب ڈیزائن کردہ ریلنگ کے ذریعے اونٹنی بآسانی چل پھر سکے گی۔ آہنی سپورٹ سسٹم کو روبوٹک مصنوعی اعضا بنانے والی پاکستانی کمپنی بائیونکس اورمحکمہ لائیواسٹاک سندھ نے باہمی مشاورت سے تیارکیا ہے۔

اونٹنی کے لیے آہنی سہارے کی تیاری کا ایک منظر

بائیونکس انتظامیہ کے مطابق ابتدامیں اگلے 2 ماہ تک کیمی سپورٹنگ فریم کے سہارے چلے گی اور پھراس کے زخم بھرنے کے بعد اسے واپس بحالی کی جانب لانے میں دیگراقدامات پرعمل کیا جائےگا۔

ستمبرمیں بائیونکس کی جانب سے فائبر،اسٹیل اور ائیرکرافٹ المونیم سے تیارکردہ مصنوعی  ٹانگ لگائی جائے گی جس کے بعد اونٹنی سےمنسلک  آہنی فریم ہٹادیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp