اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیشرفت، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد  کے حوالے سے الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔

اجلاس میں کمیشن کے چاروں ارکان، وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری  لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب اور سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 3 صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہیں تاہم  پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں بعض قانونی پیچدگیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات التوا کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کمیشن اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے، صوبہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دارالحکومت اسلام آباد میں 7ویں قومی مردم شماری کے مطابق  موجودہ یونین کونسلز اور وارڈز کی حد بندی کا کام 23 جولائی تک مکمل ہو جائے گا۔

اس سے قبل وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کمیشن کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات  کے انعقاد  اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے سمری وزیر اعظم کے دفتر بھجوائی جا چکی ہے جبکہ  آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017ء کی سیکشن 17 میں درکار ترمیم کی کیبنٹ کمیٹی فار ڈسپوزل آف لیجسلیٹیو کیسز (سی سی ایل سی) سے  پہلے ہی منظوری حاصل کی جا چکی ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے کمیشن کو بتایا کہ پنجاب کی نئی حکومت نے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے  سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں ضروری ترامیم اور نئے مسودہ قانون کی تیاری کے لیے صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ جناب ذیشان رفیق کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جس کے پانچ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور کمیٹی کی سفارشات اگلے چند دنوں تک صوبائی کابینہ کو پیش کر دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئی مردم شماری  کے نتائج کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں، لوکل ایریاز  کی حد بندی، کونسلوں  میں ممبران کی تعداد  ازسرنو مقرر کرنے کے لیے بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp