کیا نان فائلرز کو بیرون ملک سفر سے قبل ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں مہلت دی جائے گی؟

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے اگلے سال کے فنانس بل کی منظوری سے عین قبل نان فائلرز کو ریلیف دیتے ہوئے ویلتھ اسٹیٹمنٹ، غیر ملکی اثاثوں اور ایڈوانس ٹیکس سے متعلق دفعات میں کچھ اہم ترامیم تجویز کی ہیں، جیسے کہ نان فائلر کو بیرون ملک جانے سے پہلے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں مزید مہلت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے سینیٹ کی فنانس کمیٹی کی سفارش پر نان فائلرز کو بیرون ملک جانے سے قبل ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل ایف بی آر نے بل میں تجویز دی تھی کہ نان فائلرز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ نان فائلر افراد عمرہ یا حج پر جاسکتے ہیں جبکہ طلبہ کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے سے بھی استثنیٰ حاصل ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے سیکشن 116 میں غیر ملکی اثاثوں کے الفاظ بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکس دہندگان اپنے ٹیکس گوشواروں میں غیر ملکی اثاثوں کا ذکر کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس سے قبل غیر ملکی اثاثوں سے متعلق قوانین میں کچھ ابہام پایا جاتا تھا۔ ایف بی آر نے کچھ تبدیلیاں بھی تجویز کی ہیں جیسے کمشنر اپیل ایف بی آر سے اپیلٹ ٹربیونل میں مقدمات کی منتقلی شامل ہے۔

تاہم، سینیٹ کی فنانس کمیٹی کی سفارش پر ایف بی آر نے فنانس بل میں یہ وضاحت بھی شامل کی ہے کہ شریک حیات کے اثاثے صرف اس شخص کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شامل ہوں گے جب شریک حیات زیر کفالت ہوگی۔

اس سے پہلے حکومت اعلان بھی کرچکی ہے کہ مقدمات کمشنر اپیل سے ستمبر 2024 تک انکم ٹیکس ٹربیونل میں منتقل کیے جائیں گے تاہم اب یہ تجویز دی گئی ہے کہ حکومت نے کمشنر اپیل سے کیسز کو انکم ٹیکس ٹریبونل میں منتقل کرنے کا وقت دسمبر 2024 تک بڑھا دیا ہے۔

علاوہ ازیں 2 روز قبل قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 116 کے تحت شریک حیات کے غیر ملکی اثاثوں اور اثاثوں کے اعلان میں وضاحت شامل کی جائے گی، اس صورت میں کہ شریک حیات ٹیکس دہندہ کے زیر کفالت ہو۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو دیکھے گا کہ آیا نان فائلر کی دیر سے ریٹرن فائل کرنے کی عادت تو نہیں، اس حوالے سے اس کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ اگر نان فائلر نے مقررہ تاریخ کے اندر ایک بار بھی انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کروایا تو جرمانے کی رقم میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نان فائلرز کے لیے ٹیکس کے نفاذ کو مضبوط بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگانے کی بھی تجویز دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp