ٹی20 ورلڈکپ فائنل: بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ اہم معرکہ بارش کی نذر ہونے کا امکان

ہفتہ 29 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا فائنل آج شام بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین شیڈول ہے تاہم اس میچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج اور کل (اتوار) بھی بارباڈوس میں علیٰ الصباح سے شام 6 بجے تک بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ فائنل کے لیے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم اتوار کو بھی صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان بارش کا قوی امکان ہے۔

ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ کے دونوں دنوں کے لیے 190 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ میچ کا آفیشل دورانیہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 سے دوپہر ایک بج کر 40 منٹ تک ہے اور اضافی وقت کی صورت میں کھیل 4 بج کر 50 منٹ تک جاری رہ سکے گا۔ اگر فائنل میچ مکمل نہ ہوسکا تو بھارت اور جنوبی افریقا مشترکہ طور پر ٹی20 چیمپئن قرار پائیں گے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کا فائنل کس ٹیم کا پلڑا بھاری ہے؟

بھارت کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بیٹنگ، بؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں ہی عروج پر ہے۔ جسپریت بمراہ نپی تلی بؤلنگ سے حریف ٹیموں پر بھاری پڑ رہے ہیں تو وہیں بھارت کا اسپن اٹیک بھی کسی بلے باز کو ٹکنے نہیں دے رہا۔ اکشر پٹیل، کلدیب یادیو اور رویندرا جڈیجا نے بلے بازوں کو پریشان کر رکھا ہے۔

بھارتی بیٹنگ لائن میں وراٹ کوہلی کی خراب فارم پریشانی کا سبب ہے لیکن کپتان روہت شرما جارحانہ بلے بازی کے ذریعے بھارت کو ایک بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سوریا کمار یادیو بھی بھرپور فارم میں ہیں۔

جنوبی افریقہ بھی بھارت کی طرح ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ناک آؤٹ مراحل میں کبھی بارش تو کبھی خراب کارکردگی کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوتی رہی ہے۔ اسی لیے اس کے بارے میں ’چوکرز‘ کا لفظ استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن سیمی فائنل میں افغانستان کو یکطرفہ شکست دینے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کی نظریں اب ٹرافی کے حصول پر ہیں۔ اوپنر کوئنٹن ڈی کوک، ریضا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم اچھی فارم میں ہیں۔

بؤلرز میں کگیسو ربادا، میکرو جینسن اور اینریک نورکیا بھرپور فارم میں ہیں۔ کیشو مہاراج، تبریز شمسی کی اسپن بؤلنگ کا جادو بھی خوب چل رہا ہے۔ شائقین بارباڈوس میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

بھارت ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں کینیڈا، پاکستان، امریکا اور آئرلینڈ کو شکست دے کر سُپر8 مرحلے میں پہنچا تھا۔ سُپر8 میں بھارت نے آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دی اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ بھارت نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

جنوبی افریقہ نے گروپ اسٹیج میں نیپال، بنگلہ دیش، نیدر لینڈز اور سری لنکا کو ہرایا۔ پھر سُپر8 میں ویسٹ انڈیز، امریکا اور انگلیںڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔ جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں افغانستان کو شکست دی تھی۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں ٹیمیں مردوں کے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوئے تھے، جو بھارت نے جیتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سابق این سی پی رہنما میر ارشد الحق کی بی این پی میں شمولیت

سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹوکنائزیشن، وزیر خزانہ کی عالمی وفد سے ملاقات

کرکٹ بورڈ کو الٹی میٹم دینے کی بھارتی خبریں غلط اور غیر مستند ہیں، بنگلادیش

ایران کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف کا دشمنوں کو سخت انتباہ

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں مودی کے خلاف پھر نعرے، احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا

ویڈیو

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

جعلی مقدمات قائم کرنے سے لوگ ہیرو بن جاتے ہیں، میاں داؤد ایڈووکیٹ

عمران خان نے کہا تھا کہ ’فوج میری ہے اور میں فوج کا ہوں‘، شاندانہ گلزار

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟