آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں حضرت سائیں لال بادشاہ کی درگاہ پر عرس کے دوران مضر صحت کھانا کھانے سے 300 افراد کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں
آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں جمعے کی رات 200 افراد کو لایا گیا، جبکہ 100 افراد کو کے آر ایف جاتلاں منتقل کیا گیا، اسپتالوں میں لائے گئے یہ لوگ بھمبر میں سائیں لال بادشاہ کی درگاہ پرعرس کے دوران مضر صحت کھانا کھانے سے بیمار پڑ گئے تھے۔
یہ 2 دن کا عرس تھا جو جمعرات کو شروع ہوا تھا، اس موقع پر سوکاسن گاؤں کی ایک تنظیم زائرین کے لیے کھانے کا انتظام کرتی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ گرمی کی وجہ سے کھانا خراب ہو گیا ہو، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ابتدائی طبعی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
کے آر ایف جاتلاں میں اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیشتر افراد کو طبعی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت کردیا ہے، جبکہ 15 افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انکوائری کمیٹی کی تشکیل
ڈی ایچ او بھمبھر ڈآکٹر ارم نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ سارے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، اور ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شربت اور کھانے کی ٹیسٹنگ کی جائے اور جلد از جلد رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کھانے کے نمونے لے گئی ہے اور بہت جلد رپورٹ منظر عام لائیں گے۔