وزیراعظم شہبازشریف 2 جولائی کو وسطی ایشیائی ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے

ہفتہ 29 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف 2 جولائی کو وسطی ایشیائی ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم تاجکستان اور قازقستان کے 3 روزہ دورے کے دوران آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے وسطی ایشائی ممالک کے دورے میں ایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 2 جولائی کو وسطی ایشائی ممالک کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے دورہ سنٹرل ایشیا کے پہلے حصے میں وزیراعظم تاجکستان پہنچیں گے یہ دورہ شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمانوف کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

تاجکستان میں ہونے والی اہم ملاقاتوں میں افغانستان کی صورتحال، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان اور تاجکستان دونوں ممالک کو افغانستان کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دورے کے دوسرے حصے میں قازقستان جائیں گے۔ 2 روزہ دورے میں وہ آستانہ میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے اس اجلاس میں چینی اور روسی صدر سمیت کئی عالمی راہنما شرکت کریں گے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت مشکوک ہے۔

ذرائع کے مطابق دورہ قازقستان میں شہباز شریف قازق صدر قاسم جمارت توکائیو اور وزیر خارجہ مرات نورتلیو سے بھی ملاقات کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp