وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دے دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری شہر پہلے سے بہت بہتر ہوچکا، عوام کے لیے بہترین بنائیں گے۔
اجلاس میں ڈویلپمنٹ، بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ اور تعمیر و بحالی کے منصوبے منظور کیے گئے۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی۔ جبکہ صوبائی اور وزرا اور افسران بھی شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں راولپنڈی تا مری ٹوریسٹ گلاس ٹرین منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ اس منصوبے کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ کو گرایا جائے گا۔ ’اجلاس میں جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا‘۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر اسکیم نافذ کی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری سمیت ہر شہر اور علاقے میں تاریخی عمارتوں کے قدیمی نام بحال کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں مری میں تعمیرات کے لیے بلڈنگ لاز میں ترمیم منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ مری میں روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زیادہ صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر اسٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران مری میں بارش کو ذخیرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے کے پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔
’گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کرنے کا فیصلہ‘
اجلاس کو بتایا گیا کہ گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کرکے اسٹور کیا جائے گا۔ 1100 سے زیادہ گھروں میں بارشی پانی محفوظ کرنے کے پر اجیکٹ میں حکومت معاونت کرے گی۔
اجلاس میں اولڈ راولپنڈی مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی مظوری بھی دی گئی، جہاں عارضی پارکنگ کی جگہ بھی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں جھیکا گلی چوک کی ری ماڈلنگ، تجاوزات ہٹا کر توسیع کی منظوری دی گئی، جبکہ لارنس کالج روڈ، بوسٹال موڑ تا بروری روڈ کی تعمیر و بحالی کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں بانسرہ گلی وائلڈ لائف پارک میں ٹری ہاؤس، کیمپنگ سائٹ، واک ویز اور ٹیرس پارکنگ ایریا بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مری کی 16 اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا ٹاسک مکمل، بریفنگ
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ مری کی 16 اندرونی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاٹاسک مکمل کرلیا گیا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہاکہ غریب آدمی کو تنگ نہ کیا جائے، حکومت اسٹال خود لگا کر دے۔