پاکستانی نژاد حمزہ ہارون یوسف، اسکاٹش نیشنل پارٹی کی نئے سربراہ کون ہیں؟

منگل 28 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسکاٹ لینڈ کے قوم پرستوں نے پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کو اسکاٹش نیشنل پارٹی کا سربراہ منتخب کرلیا۔ وہ پہلے مسلمان اور پاکستانی ہیں جو اس منصب پر فائز ہوئے۔

حمزہ یوسف کون ہیں؟

 حمزہ ہارون یوسف 7اپریل 1985 کو گلاسکو میں پیدا ہوئے۔ان کے والدین 60کی دہائی میں گلاسکو آکر آباد ہوئے۔ حمزہ کی تعلیم گلاسکو ہی میں ہوئی۔

ان کے والد میاں مظفر یوسف آرائیں اور والدہ بیگم شائستہ بھٹہ پاکستانی خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے۔ میاں مظفر آرائیں کے والد ( حمزہ یوسف کے دادا) پاکستان کے شہر میاں چنوں سے نقل مکانی کرکے اسکاٹ لینڈ میں آئے تھے جہوں وہ ساحلی شہر ’کلائیڈ بنک‘ میں سنگر سلائی میشن کی فیکٹری میں کام کرنے لگے۔

حمزہ کی والدہ شائستہ بھٹہ کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پیدا ہوئیں۔ تاہم ان کے خاندان کو مقامی لوگوں کی طرف سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا تو وہ اسکاٹ لینڈ منتقل ہوگیا۔

حمزہ یوسف اپنی فیملی کے ہمراہ

حمزہ یوسف نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ نائن الیون کے واقعات نے دنیا ہی کو نہیں بلکہ انہیں بھی ذاتی طور پر بدل دیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر16 برس تھی۔ کلاس میں ان کے 2دوست تھے جو ان کے ساتھ ہی بیٹھتے تھے۔  نائن الیون کے واقعات ہوئے تو انہوں نے حمزہ یوسف سے طرح طرح کے سوالات پوچھنا شروع کردیے مثلا مسلمان امریکا سے نفرت کیوں کرتے ہیں؟ وغیرہ وغیرہ۔

حمزہ یوسف کے والدین بیٹے کو ڈاکٹر ، ڈینٹسٹ ، اکاؤنٹنٹ یا پھر وکیل بنانا چاہتے تھے لیکن ماڈرن اسٹڈیز کی تعلیم نے حمزہ کی دلچسپی سیاست میں پیدا کردی۔ چنانچہ انہوں نے گلاسکو یونیورسٹی میں پالیٹیکل سائنس کی تعلیم حاصل کرنا شروع کردی۔  وہاں وہ گلاسکو یونیورسٹی مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔

حمزہ یوسف نماز کی امامت کروا رہے ہیں

ابتدائی عمر ہی سے حمزہ سماجی بھلائی کے کاموں میں سرگرم رہے۔ وہ ’اسلامک ریلیف‘ ایک معروف امدادی ادارے میں میڈیا ترجمان کے طور پر رضاکارانہ خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اسی طرح ایک کمیونٹی ریڈیو میں 12برس تک کام کرتے رہے۔ انہوں نے ایک ایسے پراجیکٹ میں بھی کام کیا جس کا مقصد گلاسکو کے بے گھر لوگوں اور پناہ حاصل کرنے والوں کو مفت فوڈ پیکیجز فراہم کرنا تھا۔

حمزہ یوسف ابھی طالب علم ہی تھے جب وہ اسکاٹش نیشنل پارٹی سے وابستہ ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp